اچھی فلمیں ملیں تو فنکار بیرون ملک نہیں جائیں گےعروہ حسین
اچھے پروجیکٹ ملنے لگیں تو پھر آپ کو بیرون ملک جانے کی کوئی ضرورت نہیں ۔
خوش قسمت ہوں کہ پہلی ہی فلم باکس آفس پر کامیاب ہوگئی، ہمایوں سعید کے ساتھ فلم ''ملک'' میں مرکزی کردار نبھا رہی ہوں۔ان خیالات کا اظہار ماڈل واداکارہ عروہ حسین نے ''نمائندہ ایکسپریس'' کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا ۔ عروہ حسین نے کہا کہ فلم میں کام کرنا ہر فنکار کی خواہش ہوتی ہے، مگر ہمارے ہاں فلم انڈسٹری کا ساتھ جو کچھ ہوا ، اس سے تو یہ لگ رہا تھا کہ شاید اب ہمارے ہاں فلم میکنگ ماضی کا حصہ بن جائے گی۔ٹی وی انڈسٹری کے لوگوں کو داد دینی چاہیئے کہ جنہوں نے ایک چیلنج سمجھتے ہوئے فلم میکنگ کی طرف آئے اور یہاں بھی انھوں نے فلم بینوں کو بھی حیران کردیا ۔انھوں نے کہا کہ ''میں ہوں شاہد آفریدی '' اور ''وار'' کی باکس آفس پر کامیابیوں نے فلم انڈسٹری کے بند دروازے کھول دیے، جس سے فلمیں بننے کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔ ''نامعلوم افراد'' میری پہلی فلم تھی جس میں فہد مصطفی اور جاوید شیخ جیسے فنکاروں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا ۔
اس فلم کو بالی ووڈ فلموں کے مقابلے میں زیادہ پسند کیا گیا ۔ عروہ حسین نے کہا کہ ہر فنکار کی آخری منزل فلم ہی ہوتی ہے اور اس کا اندزہ ''نامعلوم افراد'' کرنے کے بعد ہوا ۔ ٹی وی ڈراموں اور ماڈلنگ کی وجہ سے تو لوگ پہلے بھی کافی جانتے تھے مگر فلم کی نمائش کے بعد اس میں مزید اضافہ ہوا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ اب ہمایوں سعید کے ساتھ فلم ''ملک'' میں ان کی بیوی کا کردار کر رہی ہوں جس کا ٹریلر ریلیز ہوچکا ہے اور سال رواں میں کی نمائش بھی متوقع ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں عروہ حسین نے کہا کہ میرے خیال میں اگر اپنے ملک میں ہی آپ کو اچھے پروجیکٹ ملنے لگیں تو پھر آپ کو بیرون ملک جانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔