اے این ایف کی کارروائی میں 240 کلو ہیروئن اور 40 کلو چرس برآمد

ٹن کے ڈبوں میں مہارت سے چھپائی گئی ہیروئن ہالینڈ اسمگل کی جانی تھی، ہیروئن اورچرس کی قیمت کروڑوٖں روپے ہے۔

کورنگی مہران ٹاؤن میں گودام سے برآمد کی جانے والی منشیات صحافیوں کو دکھائی جارہی ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

اینٹی نارکوٹکس فورس سندھ نے کورنگی مہران ٹاؤن میں گودام پر چھاپہ مارکر زمین میں دفنائی گئی اعلیٰ معیار کی240 کلو ہیروئن اور40 کلو چرس برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔

ہیروئن اور منشیات مہارت سے ٹن کے ڈبوں میں چھپائی گئی تھی منشیات ہالینڈ اسمگل کی جانی تھی، رواں سال اے این ایف کی جانب سے ہیروئن برآمد کرنے کی یہ سب سے بڑی کارروائی ہے، تفصیلات کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس سندھ نے خفیہ اطلاع پر کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے سیکٹر F-6 مہران ٹاؤن میں واقع پلاٹ نمبرC-41 پر قائم گودام پر چھاپہ مارکر زمین میں دفنائی گئی اعلیٰ معیار کی240 کلو ہیروئن اور40کلو چرس بھاری مشینری کی مدد سے برآمد کرلی، کارروائی کے دوران گودام میں موجود ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق برآمد کی جانے والی ہیروئن اور منشیات کی عالمی مارکیٹ میں قیمت کروڑوٖں روپے ہے، منشیات کو مہارت سے ٹن کے ڈبوں میں سیل کرکے زمین میں دفنایا گیا تھا، برآمد کی جانے والی ہیروئن اور چرس ہالینڈ اسمگل کی جانی تھی تاہم اے این ایف سندھ نے بروقت کارروائی کرکے منشیات کی اسمگلنگ کا منصوبہ ناکام بنادیا، گودام سے گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، گرفتار ملزم کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

Load Next Story