سیاہ فام پلیئرز کی بڑھتی تعداد پر سابق اطالوی کوچ فکرمند

اریگوساچی کے تبصرے پر طوفان بپا،پلیئرز پربُرے اثرات مرتب ہونگے، بالوٹیلی ایجنٹ


Sports Desk/AFP February 18, 2015
اریگوساچی کے تبصرے پر طوفان بپا،پلیئرز پربُرے اثرات مرتب ہونگے، بالوٹیلی ایجنٹ۔ فوٹو: فائل

انڈر20 ٹیموں میں سیاہ فام پلیئرز کی تعداد پر سابق اطالوی کوچ نے تشویش کا اظہار کردیا۔

اریگو ساچی کا کہنا ہے کہ انڈر20 لیگز میں کئی غیرملکی پلیئرز کی وجہ سے اب اٹلی کا کوئی وقار نہیں رہا، سابق انگلش انٹرنیشنل پلیئر سمیت فٹبال کی کئی اہم شخصیات نے ساچی کے بیان پر شدید نکتہ چینی کی ہے، ماریو بالوٹیلی کے ایجنٹ کا کہنا ہے کہ ان تبصروں نے اطالوی شہریوں پر بُرے اثرات مرتب کیے۔ تفصیلات کے مطابق سابق اے سی میلان اور اٹلی کوچ اریگو ساچی نے ملکی یوتھ سیٹ اپ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہاکہ اس میں بہت زیادہ سیاہ فام اور غیرملکی موجود ہیں۔

معروف فٹبال کوچ نے میلان کو 1989 اور1990 میں یورپیئن کپ میں فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا تھا، انھوں نے ان متنازع خیالات کا اظہار گذشتہ روز ایوارڈزتقریب میں کیا،ایک ویب سائٹ رپورٹ کے مطابق 68 سالہ ساچی نے اس موقع کو اٹالین فٹبال کے لوئر رینکس میں غیر ملکیوں کی تعداد پر شدید نکتہ چینی کیلیے استعمال کیا، انڈر 21 لیول پر اٹلی کی قومی ٹیم کے سابق ڈائریکٹر ساچی نے کہاکہ انڈر 20 لیگز میں بہت زیادہ غیرملکی پلیئرز کی وجہ سے اب اٹلی کے عزت اور وقارمیں کمی آئی ہے، ہمارے یوتھ سیکٹرز میں بہت زیادہ سیاہ فام موجود ہیں۔

ساچی کا ساتھ ہی یہ بھی کہنا تھا کہ میں نسل پرست نہیں ہوں تاہم صرف حقائق بیان کیے ہیں۔ دریں اثنا ماریو بالوٹیلی کے ایجنٹ سمیت اسپورٹس سے تعلق رکھنے والی بیشتر شخصیات بشمول سابق انگلینڈ انٹرنیشنل گیری لینکر نے ساچی کے تبصروں پر تنقید کی ہے۔ گھانا سے تعلق رکھنے والے والدین اور بعد میں سفید اٹالینز کی جانب سے گود لینے والے اسٹار بالوٹیلی کے ایجنٹ نے ساچی کو 'کم علم' قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان تبصروں نے اطالوی شہریوں پر بُرے اثرات مرتب کیے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں