پارٹی میں مکمل اختیارات نہ ملنے تک واپس نہیں آؤں گا بلاول بھٹو زرداری

ہر سطح پر کرپشن نے ذوالفقار بھٹو کی قائم کردہ پارٹی پر عوام کا اعتماد مجروح کیا

جب تک پارٹی میں اختیارات نہیں دیے جاتے واپس نہیں آؤں گا، امین فہیم سے گفتگو ۔ فوٹو : فائل

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ میں پیپلزپارٹی کی حکومت عوام کی توقعات پر پورا اترنے میں ناکام ہے۔


لندن میں پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر مخدوم امین فہیم سے ملاقات کے دوران بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہر سطح پر کرپشن اور بدعنوانی سے ذوالفقار بھٹو کی قائم کردہ پارٹی پر عوام کا اعتماد مجروح ہوا، عوام کا اعتماد بحال کرنے کیلیے فوری اقدامات نہ کیے گئے تو پارٹی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا، جس طرح سے سندھ میں حکومت چلائی جارہی ہے میں اس سے مطمئن نہیں۔ پی پی ذرائع کے مطابق امین فہیم نے کھل کر بلاول بھٹو کو سندھ کی صورتحال پر اپنے تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ مفاہمت کی سیاست کے نام پر لوٹ مار کا بازار گرم ہے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں بلاول بھٹو صورتحال پر امین فہیم کے سامنے پھٹ پڑے اور اپنے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ ذرائع کے مطابق بلاول خاص طور پر اپنی ایک قریبی رشتہ دار خاتون سے سخت ناراض ہیں اور انھیں مبینہ طور پر کرپشن کی جڑ قرار دیا۔ ذرائع کے مطابق بلاول نے کہا کہ جب تک انہیں پارٹی میں مکمل اختیارات نہیں ہوں گے وہ اس وقت تک واپس نہیں آئیں گے۔
Load Next Story