امریکا میں پاکستانی شہری پر القاعدہ کی معاونت کا الزام عائد
عابد نصیر مانچسٹر اور نیویارک میں بم دھماکوں کیلئے القاعدہ کی سازش میں ملوث تھا، امریکی حکام کا الزام
DAVOS:
امریکا میں ایک پاکستانی شہری پر مانچسٹر اور نیویارک میں حملے کرنے کے لئے القاعدہ کی مدد کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق نیو یارک کی ایک عدالت میں برطانیہ سے جلا وطن کئے گئےعابد نصیر نامی پاکستانی شہری پر الزام لگایا گیا ہے کہ القاعدہ کی جانب سے مانچسٹر اور نیویارک کے زیر زمین ریلوے سمیت کئی جگہوں پر بم دھماکوں کا منصوبہ بنایا گیا تھا اور وہ اس منصوبے میں القاعدہ کی عملی طور پر مدد اور تباہ کن مواد استعمال کرنے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ اس سلسلے میں عابد نصیر نے خفیہ ای میلز کےذریعے مانچسٹر میں ایک شاپنگ سینٹر کو نشانہ بنانے کی بات کی تھی۔
امریکی حکام مقدمے میں جیوری کے سامنے برطانوی انٹیلی جنس کے 6 افسران کے علاوہ نجیب اللہ اور زریں احمد زئی نامی 2 ملزمان کو بھی بطور گواہ پیش کریں گے جنہوں نے اس سازش میں اپنا جرم قبول کرلیا ہے۔ دوسری جانب عابد نصیر نے اپنے اوپر لگائے گئے تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مقدمے میں پیش کیے جانے والے شواہد سے کہیں بھی یہ ظاہر نہیں ہوتا کہ وہ القاعدہ کا رکن ہے۔
واضح رہے کہ عابد نصیر ان افراد میں شامل ہے جنیں 2009 میں برطانیہ میں مانچسٹر کے شاپنگ سینٹر کو نشانہ بنانے کی سازش کرنے کے شبہے میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ملزمان کے پاس سے کوئی دھماکہ خیز مواد برآمد نہیں ہوا تھا لیکن ان افراد کو جلا وطن کر دیا گیا تھا۔