ٹیسٹ رینکنگ جنید اسد اور اظہر کی ترقی مصباح تنزلی سے دوچار

پالے کیلی ٹیسٹ کے اختتامی دن سنچری مکمل کرنے والے بیٹسمین کی 12درجے بہتری


ایکسپریس July 14, 2012
ٹیسٹ رینکنگ میں بہتری حاصل کرنے والے پاکستانی فاسٹ بولر جنید خان کا فائل فوٹو/ایکسپریس

سری لنکا سے سیریز کے اختتام پر جاری ہونے والی آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں نوجوان پاکستان کرکٹرز کو ان کی عمدہ کارکردگی کا صلہ ترقی کی صورت مل گیا، پہلی مرتبہ سیریز ہارنے والے قومی کپتان مصباح الحق اور تجربہ کار بیٹسمین یونس خان کی تنزلی ہوگئی تاہم دونوں کھلاڑی ٹاپ 20 میں موجود ہیں، بولنگ میں نئے فاسٹ بولر جنید خان کو ایک ہی جست میں ملنے والی 8 درجے کی بہترین نے 34ویں پوزیشن کا حقدار بنوادیا، اسد ترقی کے 12زینے طے کرتے ہوئے کیریئر بیسٹ رینکنگ 30ویں پوزیشن پانے میں کامیاب ہوگئے، سری لنکن بیٹسمین سنگاکارا نے نمبرون پوزیشن برقرار رکھی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سری لنکا سے سیریز تو 1-0 سے ہارگیا تاہم ان مقابلوں میں جگمگانے والے لٹل اسٹارز نے آئی سی سی رینکنگ میں بھی نمایاں بہتری حاصل کرلی، بیٹنگ میں پاکستان کے تین بیٹسمین ٹاپ 20 میں شامل رہے، تین میچز کی سیریز کی پانچ اننگز میں 2 سنچریوں کی مدد سے 300 مجموعی رنز بنانے والے اظہرعلی کو تین درجے کی ترقی نے 10ویں پوزیشن میں گریم اسمتھ کا ساجھے دار بنوادیا، اظہر کی سیریز میں اوسط 60 رنز رہی، دوسری نمایاں بہتری نوجوان مڈل آرڈر بیٹسمین اسدشفیق کو ملی، سیریز کی پانچ اننگز میں 100 ناٹ آئوٹ بنانے والے اسد کو 12 درجے کی ترقی نے کیریئر بیسٹ 30ویں پوزیشن کا حقدار بنوادیا، اسد نے 64.25 کی اوسط سے 257رنز اپنے نام جوڑے، جس میں دو نصف سنچریاں بھی شامل رہیں،

کپتان مصباح الحق دو میچز میں 55.50 کی اوسط سے 111رنز بنانے پر 3 درجے تنزلی کا شکار ہوکر 14ویں نمبر پر چلے گئے، ان کی بہترین انفرادی کاوش 66 ناٹ آئوٹ رہی، اسی طرح تجربہ کار بیٹسمین یونس خان بھی 2 قدم پیچھے ہٹنے کے بعد 7ویں نمبر پر چلے گئے، انھوں نے سیریز میں 33.40 کی اوسط سے محض 167رنز اپنے نام جوڑے ،جس میں ان کی بہتری انفرادی اننگز 87 رنز رہی، پاکستان کیخلاف سب سے زیادہ 490رنز سیریز میں سمیٹے والے سری لنکن بیٹسمین کمارسنگاکارا اپنی نمبرون پوزیشن کومستحکم کرنے میں کامیاب رہے، اس پرفارمنس کے بعد انھیں دوسرے نمبر پر فائز ویسٹ انڈین بیٹسمین شیونرائن چندرپال پر 36 رینکنگ پوائنٹس کی واضح سبقت مل گئی، سنگاکارا کے رینکنگ پوائنٹس 892 ہوگئے اور وہ آنے والی سیریز میں مزید بہتر پرفارمنس سے 900 رینکنگ پوائنٹس کرسکتے ہیں،

ان کے کیریئر بیسٹ رینکنگ پوائنٹس ایک زمانے میں 938 تک رہے ہیں، جنوبی افریقہ کے ابراہم ڈی ویلیئرز تیسرے، جیک کیلس چوتھے، اور مائیکل کلارک ایک درجے بہتری کے بعد پانچویں نمبر پر آگئے، ہاشم آملا بھی کو ایک قدم آگے بڑھنے پر چھٹا نمبر ملا ، ان دونوں کیلیے جگہ خالی کرنے والے یونس نے ساتویں پوزیشن پائی، روز ٹیلر آٹھویں، الیسٹرکک نویں جبکہ گریم اسمتھ اور اظہر مشترکہ طور پر 10ویں نمبر پررہے، بولنگ میں سعید اجمل کی دوسری اور عبدالرحمان کی 11ویں پوزیشنز برقرار رہیں البتہ نوجوان پیسر جنید خان نے 8 درجے بہتری کے بعد کیریئر کی بہترین 34ویں پوزیشن حاصل کرلی، جس پر پہلے سے مونٹی پنیسر بھی موجود تھے،

جنید نے پالے کیلی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 70 رنز کے عوض 5وکٹیں اپنے نام کیں،سری لنکن پیسر تشارا پریرا نے 20 درجے کی چھلانگ لگانے پر 80ویں پوزیشن پائی، جنوبی افریقی پیسر ڈیل اسٹین بدستور نمبرون بولر ہیں، جیمز اینڈرسن تیسرے، رنگانا ہیراتھ چوتھے اور ورنون فلینڈر پانچویں نمبر پر موجود ہیں، عمرگل ایک درجے تنزلی کے باوجود ٹاپ 20 میں شامل رہے، ان کا نمبر19 ہے۔آل رائونڈرز میں ٹاپ فائیو پوزیشنز میں کوئی ردوبدل نہیں ہوا، بنگلہ دیش کے شکیب الحسن بدستور پہلے، جیک کیلس دوسرے، اسٹورٹ براڈ تیسرے، ڈینیئل ویٹوری چوتھے اور شین واٹسن پانچویں نمبروں پر براجمان ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں