پاکستانی عوام فنکاروں میں سیلفی کا رجحان جنون کی حد تک بڑھ گیا ایکسپریس سروے

مشہور سیاسی و سماجی شخصیات اور شوبز فن کاروں میں بھی سیلفی کا رجحان بہت تیزی سے بڑھا ہے


Showbiz Reporter/نمرہ ملک February 19, 2015
پاکستانی اداکار ایک تقریب کے دوران مداحوں کے ساتھ سیلفی بنواتے ہوئے ۔ فوٹو : فائل

دنیا بھر کی طرح پاکستان کے عوام اور شوبز فن کاروں میں سیلفی کا رجحان جنون کی حد تک بڑھ رہاہے۔

ایکسپریس سروے میں لوگوں نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیلفی میں ہماری تصاویر اچھی آتی ہے اور اب ہمیں دوسروں کا محتاج نہیں بننا پڑتا اور مختلف انداز سے اپنی تصاویر بنا سکتے ہیں' اپنے نت نئے انداز اور لمحات فوری طور پر سیلفی کے ذریعے محفوظ بناسکتے ہیں ، اس سے قبل تصاویر بنوانے کے لیے اسٹوڈیو جانا پڑتا تھا لیکن اب سیلفی کی وجہ سے ہم انتہائی برق رفتاری سے مختلف لمحات کو فوری عکس بندکرلیتے ہیں بلکہ سیلفی کی وجہ سے اپنے پسندیدہ فنکاروں اور شخصیات کے ساتھ تصاویر بنوانا آسان ہوگیا ہے۔

عوام الناس کے ساتھ ساتھ مشہور سیاسی و سماجی شخصیات اور شوبز فن کاروں میں بھی سیلفی کا رجحان بہت تیزی سے بڑھا ہے، امریکی صدر براک اوباما، بھارتی وزیراعظم نریندر موودی، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ان سیاسی شخصیات میں سے ہیں جن کی سیلفی انٹرنیٹ پر وائرل ہوئیں جب کہ کوئی ایسا شوبز فن کار نہیں ہے جس نے سیلفی کی دوڑ میں حصہ نہ لیا ہو، ہالی ووڈ، بالی ووڈ اور لالی ووڈ سے تعلق رکھنے والے تمام فن کار ہی سیلفی لیتے ہیں اور اپنے مداحوں کے لیے بعدازاں انٹرنیٹ پر بھی لگاتے ہیں۔

پاکستانی فن کاروں نے ثروت گیلانی اور فہد مرزا کی شادی پر شاندار و یادگار سیلفی عکس بند کی لیکن جہاں فن کار خود سیلفی لیتے نظر آتے ہیں وہیں وہ پرستاروں کے ساتھ تصاویر بنواتے ہوئے تنگ بھی آجاتے ہیں۔

''سیلفی ''(اپنی تصاویر خود بنانے )کا رجحان میں اضافہ ہورہا ہے، سیلفی کو(سیلف پوٹریٹ)کہا جاتا ہے جس کا ذکرآکسفورڈ انگلش ڈکشنری میں بھی کیاگیا اوراس لفظ کو 2013ء کا سب سے زیادہ استعمال اور نمایاں لفظ قرار دیا گیا تھا، اپنی تصاویر خود بنانے کا رجحان میں اضافہ موبائل فون کی وجہ سے پیدا ہوا۔

آسٹریلوی شہری ''ہوپی'' نے نشہ کی حالت میں اپنی تصویر خود بنائی اور پہلی مرتبہ اس کو''سیلفی''کا نام دیا۔ ویب سائٹ یاہو نے اندازہ لگایا ہے کہ 2014ء کے دوران تقریباً 880 ارب تصاویر لی گئیں۔ اس کا مطلب یہ کہ دنیا کے ہر انسان کی اوسطاً 123 تصاویر ہوں گی اور ان میں سے زیادہ تر سیلفیز ہوں گی۔ سام سنگ کی جانب سے برطانیہ میں کرائے جانے والے ایک جائزے کے مطابق اپنی بہترین تصویر کی تلاش میں سیلف پورٹریٹ بنانے والوں میں 17فیصد مرد جب کہ 10فیصد خواتین شامل ہوتی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں