درسگاہوں میں ممکنہ دہشت گردی اسکول اساتذہ اور طالبات کو اسلحہ چلانے کی تربیت

طلبا اوراساتذہ کو بھی سیلف ڈیفنس کے ساتھ ساتھ ہتھیار چلانے کی تربیت بھی دی گئی۔


Raheel Salman February 19, 2015
پولیس ٹریننگ سینٹررزاق آباد میں مختلف اسکولوں کی طالبات اور اساتذہ کواسلحہ چلانے کی تربیت دی جارہی ہے۔ فوٹو: محمد عظیم/ایکسپریس

ADELAIDE: سانحہ پشاور کے بعد اب کراچی کے اسکولوں کے طلبا اور اساتذہ کو بھی سیلف ڈیفنس کے ساتھ ساتھ ہتھیار چلانے کی تربیت دینے کا آغاز ہوگیا۔

اساتذہ اور طالبات نے ٹریننگ کے دوران فائرنگ کی مشق بھی کی، کسی بھی حملے کی صورت میں محفوظ مقام پر منتقل ہونا اورزخمیوں کو فرسٹ ایڈ دینا بھی سیکھا،اس موقع پر انھیں اغواکاروں کے چنگل سے فرار ہونے کی بھی تربیت فراہم کی گئی،تفصیلات کے مطابق اسپیشل سیکیورٹی یونٹ نے شہید بے نظیر بھٹو ایلیٹ پولیس ٹریننگ سینٹر رزاق آباد میں نجی اسکول کے لیے تربیتی پروگرام کا اہتمام کیا جس میں نجی اسکول کے 42 اساتذہ اور 18 طالبات نے شرکت کی۔

تربیتی پروگرام کا مقصد اساتذہ اور طلبہ و طالبات میں غیر معمولی حالات دہشت گردوں کے حملے، بم دھماکے، فائرنگ، حادثات یا اچانک پیش آجانے والے مشکل حالات کے خلاف حوصلہ مندی کے ساتھ ان کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت پیدا کرنا تھا، اس تربیت کے دوران سیلف ڈیفنس کے ساتھ ساتھ اسلحہ چلانے اور اس کے استعمال کی عملی تربیت بھی دی گئی، اس کے علاوہ اساتذہ کو کسی بھی ناگہانی آفات و غیرممکنہ حادثات اوردھماکوں یا کسی بھی حملے کی صورت میں بچوں کو بحفاظت محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی تربیت بھی فراہم کی۔

تربیت کے دوران اپنا بچاؤ کرنا، زخمیوں کو فرسٹ ایڈ دینا،اغوا کاروں کے چنگل سے فرار ہونا، ہاتھ پاؤں باندھنے کی صورت میں اپنے آپ کو بچانا، چلتی گاڑی سے چھلانگ لگانا بھی سکھایا گیا، اس موقع پر ٹریننگ سینٹر کے سینئر انسٹرکٹرمیجر سلیم نے نہ صرف مکمل طور پر شرکا کو بریفنگ دی بلکہ مختلف ڈیمو بھی پیش کیے، اس موقع پر طلبا و اساتذہ کا کہنا تھا کہ وہ پشاور میں اسکول پر حملے کے بعد سے خوفزدہ تھے لیکن موجودہ ٹریننگ ان کے لیے انتہائی مددگار ثابت ہوئی اور اب وہ خاصے مطمئن ہیں،ٹریننگ کے دوران طالبات بھی خاصی پرجوش دکھائی دیں،انھوں نے ہرسرگرمی میں بھرپور حصہ لیا۔

اسکول کی پرنسپل نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹریننگ میں انھوں نے اور بچوں نے بہت کچھ سیکھا جوکہ ان کے لیے مفید ہے،بچوں کے والدین نے بھی بچوں کی ٹریننگ کے لیے رضامندی ظاہر کی جس کے بعد ہی بچوں کو ٹریننگ سینٹر لایا گیا، انھوں نے ٹریننگ کے انعقاد پر اے آئی جی سیکیورٹی مقصود میمن سے اظہار تشکر بھی کیا، ٹریننگ کے اختتام پر تمام شرکا میں سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کیے گئے، قبل ازیں تمام شرکا کو حسن اسکوائر پر واقع ایس ایس یوکے ہیڈ کوارٹرز سے بسوں اور پولیس کی نفری کے ہمراہ ٹریننگ سینٹر رزاق آباد لے جایا گیا، شام کو ہیڈ کوارٹرز میں ہی واپس پہنچایا گیا جہاں سے اساتذہ و طالبات اپنے گھروں کو روانہ ہوگئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔