قواعد میں نرمی امریکا اپنے اتحادیوں کو مسلح ڈرون طیارے فروخت کریگا

خریدار ممالک پابند ہوں گے کہ ڈرون مقامی آبادی کیخلاف استعمال نہیں ہونگے، محکمہ خارجہ


AFP February 19, 2015
ممکنہ خریداروں میں اٹلی، ترکی اور خلیج فارس کے ممالک شامل ہوں گے، واشنگٹن پوسٹ۔ فوٹو: فائل

امریکا نے کہا ہے کہ اس نے انسداد دہشتگردی کی عالمی جنگ کے لئے اپنے مسلح ڈرون طیارے اتحادی ممالک کو فروخت کرنے کی اجازت دیدی ہے۔

امریکا ڈرون طیارے افغانستان، پاکستان، یمن، صومالیہ، شام اور عراق میں دہشت گردوں کے خلاف استعمال کر رہا ہے، تاہم ان پر بہت زیادہ تنقید بھی کی جاتی رہی ہے کہ ڈرون حملوں سے عام لوگوں کی ہلاکتیں بھی ہوتی ہیں، امریکی محکمہ خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ امریکا بغیر پائلٹ طیاروں کی ٹیکنالوجی میں دنیا کا سربراہ ہے اور اس نے اپنے اتحادی ممالک کو ڈرون طیارے فروخت کرنے کے قواعد میں نرمی کی ہے۔

محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ خریدار ملکوں کو اس عہد نامے پر بھی دستخط کرنا ہوں گے کہ ڈرون کسی بھی ماورائے قانون نگرانی یا مقامی آبادی کے خلاف استعمال نہیں ہوگا اور یہ صرف بین الاقوامی طور پر منظور شدہ فوجی آپریشنزکیلیے استعمال کیا جائے گا، امریکی ڈرون ٹیکنالوجی خریدنے کے خواہش مند ملک کو اس کے حتمی استعمال کی نگرانی اور دیگر سیکیورٹی شرائط پر بھی آمادہ ہونا ہوگا، بیان میں ان ملکوں کے نام ظاہر نہیں کیے گئے جو ڈرون کی خریداری میں دلچسپی لے سکتے ہیں، واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ڈرون طیاروں کے ممکنہ خریداروں میں اٹلی، ترکی اور خلیج فارس کے ممالک ہوں گے، اس سے قبل امریکا نے ڈرون طیارے صرف برطانیہ کو فراہم کیے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں