افسران کی نا اہلی سے محکمہ ڈاک کو سالانہ6ارب کا خسارہ

محکمے میں کرپشن انتہاکوپہنچ گئی،کئی افسران کے کیسزنیب میں زیرغورہیں، ذرائع

ناقص کارکردگی سے تنگ شہریوں نے معیارکودیکھتے ہوئے نجی کوریئرسروس کارخ کرلیا فوٹو: فائل

لاہور:
محکمہ ڈاک کے افسران اورملازمین کی نااہلی اوربے توجہی کے سبب پرائیویٹ کورئیر کمپنیزکوفائدہ پہنچ رہاہے جبکہ محکمہ ڈاک سالانہ ساڑھے 6 ارب روپے خسارے میں جارہاہے ۔


محکمہ ڈاک کے ذرائع کے مطابق محکمے میں کرپشن انتہاکوپہنچ گئی، کئی افسران کے کیسز نیب میں زیرغورہیں، جبکہ 2ماہ قبل ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشن عبدالستار نے کراچی کادورہ کیاتھا،اس موقع پر انھوں نے محکمہ ڈاک کے ملازمین سے ملاقات کی تھی اورملازمین سے خطاب کرتے ہوئے یہ خدشہ ظاہرکیاتھاکہ اگرمحکمہ کوتوجہ نہ دی گئی توادارہ نجکاری کی طرف چلاجائے گااورتنخواہیں بھی روک دی جائیں گی۔

محکمہ ڈاک کے ذرائع نے بتایاکہ ماضی میں اگر 1000رجسٹری آتی تھیں تواب اس درجے کمی آئی ہے کہ دن بھرمیں 10 سے12 رجسٹریاں بمشکل آتی ہیں، کچھ عرصے قبل تک اندرون شہر2 بار ڈاک جاتی تھی لیکن اب صبح میں ایک بارہی ڈاک جاتی ہے ، عملے کی صلاحیتوں کوکام کی کمی کے باعث زنگ لگ رہاہے شہریوں نے فوری سروس اور معیار کو دیکھتے ہوئے نجی کوریئرسروس کارخ کرلیا، شہریوں کاکہناہے کہ نجی کوریئر سروس کمپنیزہمارے پارسل مقررہ وقت پر پہنچا دیتی ہیں۔
Load Next Story