کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں مقابلے کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک پولیس کا دعویٰ

ہلاک دہشتگردوں کاتعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے اور ان کے قبضے سے خودکش جیکٹس سمیت دیگر اسلحہ بھی برآمد ہوا، راؤانوار


ویب ڈیسک February 19, 2015
ملزمان کراچی میں دہشت گردی کی کئی وارداتوں میں مطلوب تھے، ایس ایس پی ملیر راؤ انوار، فوٹو:فائل

پولیس نے سہراب گوٹھ کے علاقے میں آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایس ایس پی ملیر راؤانوار کے مطابق کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ الآصف اسکوائر کے قریب کالعدم تحریک طالبان کراچی کے امیر قاری عالمگیر کے مکان پر چھاپہ مارا تو وہاں موجود ملزمان نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کردی جس کے بعد پولیس کی مزید نفری کو علاقے میں طلب کیا گیا جب کہ اس دوران پولیس ملزمان میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور پولیس کی جوابی کارروائی میں 4 دہشت گرد مارے گئے۔

راؤانور کا کہنا تھا کہ سہراب گوٹھ میں ٹارگٹڈ کارروائی میں 400 اہلکاروں نے حصہ لیا جب کہ اس دوران مارے جانے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے اور ملزمان کراچی میں دہشت گردی کی کئی وارداتوں میں مطلوب تھے،ملزمان قاری عالمگیر کے مکان پر دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرتے تھے جب کہ ان کے قبضے سے خودکش جیکٹس،بارودی مواد سے بھری 8 بوریاں، دستی بم اور دیگر اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔

پولیس نے ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی لاشوں کو تحویل میں لے کر ضابطے کی کارروائی شروع کردی ہے جب کہ آپریشن کے دوران فرار ہونے والے دہشت گردوں کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی علاقے میں ناکہ بندی کردی گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں