عالمی کپٹیموں کا پہلا تاثر

بلاشبہ عالمی کپ میں اب تک سب سے نمایاں کارکردگی آسٹریلیا کی رہی ہے


فہد کیہر February 19, 2015

عالمی کپ میں تقریباً تمام ہی قابل ذکر ٹیمیں اب تک کم از کم ایک مقابلہ کھیل چکی ہیں اور اب ہر ملک کے بارے میں جو پہلا تاثر قائم ہونا چاہیے، وہ ہوچکا ہے، جو انگریزی مقولے کے مطابق ''دیرپا تاثر'' بھی ہوسکتا ہے، خدانخواستہ۔

میزبان آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے علاوہ جنوبی افریقہ اور بھارت نے بھی اپنی مہمات کا کامیاب آغاز کیا ہے اور ''پہلے تاثر'' کے مطابق عالمی اعزاز کے مضبوط امیدوار دکھائی دیتے ہیں جب کہ قابل ذکر ٹیموں میں پاکستان، سری لنکا، انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز پہلے مقابلوں میں شکست کھا چکے ہیں اور اب آگے کے لیے فکر مند ہیں۔

بلاشبہ عالمی کپ میں اب تک سب سے نمایاں کارکردگی آسٹریلیا کی رہی ہے، گوکہ اسے صرف ایک مقابلہ کھیلنے کو ملا ہے جس میں اس نے انگلینڈ کو اسی طرح شکست دی، جس طرح گزشتہ ماہ سہ فریقی سیریز میں تین مرتبہ زیر کیا تھا۔ لیکن مسلسل فتوحات اور کپتان مائیکل کلارک کی عدم موجودگی میں بھی حریف ٹیموں کو چت کرنے کا حوصلہ دیکھ کر کہا جاسکتا ہے کہ وہ عالمی کپ کا سب سے مضبوط امیدوار ہے۔ دوسرے میزبان نیوزی لینڈ نے بھی کامیابی کے ساتھ اپنی مہم کا آغاز کیا ہے جس میں افتتاحی مقابلے میں سری لنکا کو بآسانی شکست دی لیکن اسکاٹ لینڈ کے خلاف اسے کچھ پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ باؤلنگ میں شاندار کارکردگی کے مظاہرے کے بعد صرف 143 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اس کے 7 بلے باز آؤٹ ہوئے۔

نتیجہ تو جیت کی صورت میں نکلا لیکن نیوزی لینڈ کی کمزوری ظاہر ہوگئی۔ اس کے باوجود دونوں میزبان بہت عمدہ فارم میں دکھائی دیتے ہیں، ہوم گراؤنڈ اور کراؤڈ کا خوب فائدہ اٹھا رہے ہیں اور ساتھ ہی کھیل کے تمام شعبوں میں جامع کارکردگی پیش کررہے ہیں۔ بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ میں ان کا کوئی ثانی نظر نہیں آتا۔ یہی وجہ ہے کہ اب تک کی کارکردگی سے اگر کچھ اندازہ لگایا جاسکتا ہے تو یہی کہ انھی دونوں کا پلڑا بھاری ہے۔

صرف ایک مقابلے کی کارکردگی ہرگز کافی نہیں، لیکن اس سے کسی ٹیم کے ارادے تو ظاہر ہو ہی جاتے ہیں، ساتھ ساتھ آیندہ کارکردگی کا اندازہ بھی لگایا جاسکتا ہے اور سب سے بڑھ کر جیت اگلے مقابلوں میں فتوحات کی راہ بھی ہموار کرتی ہے۔

ہمیشہ کی طرح اس بار بھی عالمی کپ کے لیے فیورٹ جنوبی افریقہ نے آغاز ایک فتح کے ذریعے کیا ہے۔ زمبابوے کے خلاف ابتدائی مرحلے میں صرف 83 رنز پر چار وکٹیں گرجانے کے بعد جنوبی افریقہ نے بہت شاندار انداز میں واپسی کی۔ ڈیوڈ ملر اور جے پی دومنی کی سنچریوں نے اسے بہت بڑے مجموعے تک پہنچایا جس کے جواب میں ''مقابلہ تو دل ناتواں نے خوب کیا'' کے مصداق زمبابوے نے جدوجہد تو بہت کی لیکن 340 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 277 رنز سے آگے نہ بڑھ سکے۔ وارم اپ مقابلوں میں سری لنکا کو شکست دینے کے بعد زمبابوے کی یہ کارکردگی بھی توقعات سے بڑھ کر تھی جو ظاہر کرتی ہے کہ عالمی کپ میں وہ ماضی کی نسبت زیادہ بہتر نظر آئے گا۔ اپنے اگلے مقابلے میں اس نے متحدہ عرب امارات کو شکست دی اور اب گروپ کی سرفہرست چار ٹیموں میں شامل ہے۔

اب ذرا پاکستان اور بھارت کے پہلے تاثر کے بارے میں کہ ان کے جس میچ کو ''تاریخ کا سب سے بڑا مقابلہ'' کہا جا رہا تھا، ''کھودا پہاڑ، نکلا چوہا'' کے مصداق انتہائی یکطرفہ رہا اور پاکستان کو 76 رنز کے بھاری مارجن سے شکست ہوئی۔ بھارت نے اپنے اسٹار بیٹسمین ویراٹ کوہلی کی مدد سے 300 رنز بنائے اور پاکستان بیٹنگ لائن کے اپنے بلے بازوں کے ''خودکش حملوں'' کی وجہ سے 224 رنز پر ڈھیرہوگئی اور یوں عالمی کپ میں پاکستان کی بھارت کو ہاتھوں شکستوں کا سلسلہ مزید دراز ہوگیا۔

دوسری طرف آئرلینڈ جسے اپ سیٹ کرنے کی عادت سی ہوگئی ہے، اس بار آغاز ہی ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر کیا ہے۔ 2007ء میں پاکستان اور 2011ء میں انگلینڈ کا شکار کرنے والے آئرلینڈ نے ''کالی آندھی'' کے 305 رنز کے ہدف کو صرف 46 ویں اوور میں حاصل کرلیا اور ویسٹ انڈیز کرکٹ کو مزید پیچھے کی طرف دھکیل دیا۔ آئرلینڈ کی سب سے بڑی کمزوری کارکردگی میں تسلسل ہے، اگر وہ اس پر قابو پالے تو پاکستان سمیت دیگر ٹیموں کے لیے بہت بڑا خطرہ بن سکتی ہے۔

پاکستان روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد نازک موڑ پر کھڑا ہے۔ گروپ 'بی' میں سب سے بدترین رن ریٹ اسی کا ہے جو اس وقت متحدہ عرب امارات اور ویسٹ انڈیز سے بھی پیچھے پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر ہے اور آئرلینڈ اور زمبابوے کی نمایاں کارکردگی اس کے لیے مزید مشکلات کھڑی کر رہی ہے۔

اب پاک ویسٹ انڈیز میچ دو زخمی شیروں کا مقابلہ بن چکا ہے، جہاں پاکستان لازمی جیتنے کا خواہشمند ہے اور ویسٹ انڈیز آئرلینڈ کے ہاتھوں لگنے والے زخموں پر مرہم رکھنا چاہتا ہے۔ عالمی کپ کے آیندہ چند روز میں جب تمام ٹیمیں اپنے ابتدائی دو، دو مقابلے کھیل لیں گی تو منظرنامہ مزید واضح ہوجائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔