2022 فٹبال ورلڈ کپ نومبر اور دسمبر میں کرانے پر اتفاق

قطرکی شدید گرمی سے بچاؤ کیلیے تاریخوں پر معاہدہ طے پا چکا، میگزین رپورٹ


Sports Desk/AFP February 20, 2015
قطرکی شدید گرمی سے بچاؤ کیلیے تاریخوں پر معاہدہ طے پا چکا، میگزین رپورٹ۔ فوٹو: فائل

قطر فٹبال ورلڈ کپ2022 نومبر، دسمبر میں کرانے پر اتفاق رائے ہوچکا ہے، فیفا کی ایک ٹاسک فورس آئندہ ہفتے دوحا میں ہونے والے اجلاس میں اوقات کار کے حوالے سے سفارش کرے گی جسے زیورخ میں میٹنگ کے دوران حتمی شکل دے دی جائے گی۔

'اسپورٹس السٹریٹڈ' میگزین نے اپنی رپورٹ میں اس بات کا انکشاف کیاکہ تمام فریقین میں اتفاق رائے ہوچکا ہے کہ قطر میں شیڈول 2022 فٹبال ورلڈ کپ کو شدید گرمی سے بچانے کیلیے نومبر اور دسمبر میں انعقاد کیا جائے۔ میگزین کی جانب سے جاری رپورٹ میں کئی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیاکہ یہ بات حتمی ہے کہ ورلڈ کپ نومبر اور دسمبر میں ہوگا،فیفا کی ایک ٹاسک فورس آئندہ ہفتے دوحا میں ہونے والے ایک اجلاس میں ان اوقات کی سفارش کرے گی،فیفا کی ایگزیکٹیو کمیٹی آئندہ ماہ زیورخ میں شیڈول میٹنگ میں منصوبے کو حتمی شکل دے گی۔

واضح رہے کہ تین ہفتے قبل فیفا جنرل سیکریٹری جیروم والکے نے فرانس انفو ریڈیو کو بتایا تھا کہ قطر ورلڈ کپ موسم سرما میں منعقد کیا جائے گا،البتہ اس کا فروری میں ہونے والے2022 ونٹر اولمپکس سے ٹکراؤکے خدشات بھی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق حالیہ منصوبے سے صرف ایک یورپیئن کلب سیزن متاثر ہوگا،البتہ فیفا کنفیڈریشنز کپ سے متعلق کوئی خاص منصوبہ بندی نہیں کی گئی جس کا انعقاد ورلڈ کپ سے ایک برس قبل میزبان ملک میں ہونا ہے۔ دسمبر میں یورپیئن کلبز ایسوسی ایشن اور یورپیئن پروفیشنل فٹبال لیگز نے مئی سے جون تک 2022 ورلڈ کپ کرانے کوترجیح دی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں