پی پی اور متحدہ حکومت سازی کے فارمولے پر90 فیصد متفق

 سینیٹ الیکشن کے بعد ایم کیو ایم سندھ حکومت میں باقاعدہ شامل ہو جائے گی، ذرائع

 سینیٹ الیکشن کے بعد ایم کیو ایم سندھ حکومت میں باقاعدہ شامل ہو جائے گی، ذرائع فوٹو: فائل

LONDON:
پیپلزپارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے مابین سندھ میں حکومت سازی کے فارمولے پر90 فیصد اتفاق ہو گیا ہے، ایم کیو ایم 5 مارچ کو سینیٹ کے انتخابات کے بعد سندھ حکومت میں باقاعدہ طور پر شامل ہو جائے گی۔


پیپلز پارٹی کے باخبر ذرائع نے بتایا کہ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور پی پی رہنما رحمن ملک کے توسط سے دونوں جماعتوں کی قیادت پس پردہ مسلسل رابطے میں ہے اورحکومت سازی کے امور بتدریج طے کیے جا رہے ہیں، پیپلزپارٹی نے سندھ کابینہ میں ایم کیو ایم کو صحت، صنعت و تجارت، ماحولیات، مذہبی امور و اوقاف، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور کھیل کی وزارتیں دینے کی پیشکش کی ہے تاہم ایم کیو ایم نے پیپلز پارٹی کی قیادت کو کہا ہے کہ بلدیات یا منصوبہ بندی و ترقیات کے قلم دان بھی انھیں دیے جائیں، پیپلز پارٹی کی قیادت ان دونوں محکموں میں سے کوئی ایک محکمہ ایم کیو ایم کو دینے کیلیے مشاورت کر رہی ہے۔

دونوں جماعتوں کی قیادت میں اس بات پر اتفاق ہو گیاکہ کراچی، حیدرآباد اور میرپور خاص میں بلدیاتی اداروں میں تمام معاملات ایم کیو ایم کی مشاورت سے طے کیے جائیں گے، دونوں جماعتوں میں حکومت سازی کے امور پر تحریری ڈرافٹ تیار کرنے کا معاملہ آئندہ چند روز میں شروع ہو جائے گا جس میں60 اور 40 کے تناسب سے معاملات طے کیے جائیں گے۔ پیپلز پارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کی قیادت سے سندھ کابینہ میں متوقع وزرا، مشیر اور معاونین خصوصی کے نام مانگ لیے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ کابینہ میں متوقع طور پر ایم کیو ایم کے 2 یا 3 وزیر، 2 مشیر اور ایک معاون خصوصی شامل کیا جائے گا۔
Load Next Story