’’آؤ پڑھاؤ‘‘ یونیورسٹی آف لاہور کے اساتذہ کو ایوارڈ دیے گئے

ہزاروں طلبا نے پسندیدہ استاد کے بارے کلمات تحریر کیے جو یونیورسٹی میں آویزاں کردیے گئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ کے زیراہتمام ’’آؤپڑھاؤ جوسیکھا ہے سب کو سکھاؤ‘‘ تقریب کے موقع پر پیٹرن انچیف دی یونیورسٹی آف لاہور ایم اے رؤف کا ایوارڈ لینے والے اساتذہ کے ہمراہ گروپ فوٹو۔ فوٹو: ایکسپریس

WASHINGTON:
ایکسپریس میڈیا گروپ کے زیراہتمام گزشتہ روز یونیورسٹی آف لاہور ڈیفنس روڈ میں ''آؤ پڑھاؤ جو سیکھا ہے سب کو سکھاؤ '' کے حوالے سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

مہمان خصوصی لاہور یونیورسٹی کے پیٹرن انچیف ایم اے رؤف تھے۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے بہترین اساتذہ کو ان کی علمی و تحقیقی خدمات کے صلے میں ایکسپریس میڈیا گروپ کی جانب سے خصوصی ایوارڈز سے نوازا گیا۔ ملک بھر میں اعلیٰ اور معیاری تعلیم کے فروغ کے حوالے سے ایکسپریس میڈیا گروپ کی جانب سے اساتذہ کی تکریم ووقار بڑھانے کی اس تقریب کا مقصد معاشرے میں دیگر پروفیشنلز کی طرح تعلیم وتدریس کے پیشے کی طرف نئی نسل کو راغب کرنا ہے۔

یونیورسٹی آف لاہور ڈیفنس روڈ میں تقریب میں یونیورسٹی کے بہترین اساتذہ پروفیسر اویس رؤف، پروفیسر سید سعید الحسن، پروفیسر ڈاکٹر فضل علیم، پروفیسر ڈاکٹراعجاز، پروفیسر جسٹس محمد بلال خان، پروفیسر ڈاکٹر محبوب علی چوہدری، پروفیسر ڈاکٹر مغیث احمد بیگ، پروفیسر ڈاکٹر شاہد ملک، پروفیسر ڈاکٹر توصیف احمد، پروفیسر ڈاکٹر حنان، پروفیسر ڈاکٹرآفتاب ملک، پروفیسر ایم ایچ قاضی اور پروفیسر ڈاکٹر سید گیلانی کو بہترین علمی وتحقیقی خدمات کے اعتراف میں خصوصی 'آؤ پڑھاؤ' ایوارڈ سے نوازا گیا۔


اس موقع پر طالبعلموں کو اپنے پسندیدہ استاد کے بارے میں تحریری طورپر اظہار خیال کا موقع بھی دیا گیا جس میں ہزاروں طالبعلموں نے اپنے اپنے کلمات تحریری کیے جن کو یونیورسٹی میں آویزاں کیاگیا۔ تقریب کی سب سے دلچسپ بات اساتذہ کو ایوارڈ دینے پر طالبعلموں کی جانب سے پرجوش طریقے سے ان کو داد دینا تھا۔ ہال طلبا سے کھچا کھچ بھر اہوا تھا۔ پیٹرن انچیف یونیورسٹی آف لاہور ایم اے رؤف نے کہا کہ ایکسپریس میڈیا گروپ نے اپنی سابق روایات برقرار رکھتے ہوئے علم وتحقیق بانٹنے والے اساتذہ کی حوصلہ افزائی کرکے قومی فریضہ ادا کیا ہے جس پر ہم ایکسپریس میڈیا گروپ کے شکرگزار ہیں۔ ریکٹر یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹر شجاع نے شرکا کو اپنی آپ بیتی بتائی کہ وہ استاد کیوں اورکیسے بنے۔

انھوں نے کہا کہ اس بات سے کسی کو انکار نہیں کہ علم کے فروغ کے بغیر ترقی ممکن نہیں تاہم ضرورت اس بات کی ہے کہ ہمیں علم کے فروغ میں اپنا اپنا بطور استاد کردار کس طرح سے ادا کرنا ہے۔ ہمارے ملک وقوم کے ہر مسٔلے کا حل صرف اور صرف علم کے حصول میں پوشیدہ ہے۔

اس موقع پر یونیورسٹی کے برانڈ ایمبسیڈر وجاہت صدیق کو بھی بہترین خدمات پر ایوارڈ دیا گیا جبکہ اعزازی طورپر تقریب میں کردار ادا کرنے والے طالبعلموں کو تعریفی سرٹیفکیٹ دیے گئے۔ قبل ازیں تقریب میں ایکسپریس میڈیا گروپ کی جانب سے آؤپڑھاؤ سب کو سیکھاؤ کی تعارفی ڈاکیو منٹری فلم پیش کی گئی جس کو شرکا نے خوب سراہا اور عزم کیا کہ وہ معلمی جیسے عظیم پیشہ کو اختیار کرکے ملک وقوم کی خدمت میں اپنا مثبت کردار ادا کریں گے۔
Load Next Story