ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم کی کمزوری مزید نمایاں

مسئلے سے نمٹنے کیلیے منصوبہ بندی کرنا ہوگی، ورلڈ کپ میںمثبت کرکٹ کھیلی، کپتان

مسئلے سے نمٹنے کیلیے منصوبہ بندی کرنا ہوگی، ورلڈ کپ میںمثبت کرکٹ کھیلی، کپتان فوٹو: اے ایف پی

ٹوئنٹی 20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں شکست نے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم کی کمزوری مزید نمایاں کر دی ہے۔


جمعرات کے میچ میں حریف کو 139 رنز تک محدود کرنے کے بعد گرین شرٹس کی فتح کا امکان روشن نظر آ رہا تھا مگر بیٹنگ نے ایک بار پھر مایوس کیا اور7 وکٹ پر 123 رنز ہی بن سکے، یوں 16رنز سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا،کپتان محمد حفیظ نے بھی اس مسئلے پر تشویش کا اظہار کیا ہے، میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بعد میں بیٹنگ کر کے میچ جیتنا اب ایک مسئلہ بن چکا اورہمیں اس سے نمٹنے کیلیے کچھ منصوبہ بندی کرنا ہوگی، انھوں نے کہا کہ میگا ایونٹ میں ہم نے مثبت کرکٹ کھیلی اور مجھے اپنی ٹیم پر فخر ہے، سری لنکن ٹیم اچھے کھیل کی وجہ سے فتح کی حقدار تھی۔

اس نے ٹورنامنٹ میں جیسا پرفارم کیااس پرفائنل میں شرکت کی اہل ہے۔انھوں نے آر پریماداسا اسٹیڈیم کی پچ کو ٹرننگ قرار دیتے ہوئے کہاکہ اس پر رنز بنانا مشکل تھا، ہم نے درمیان میں چند وکٹیں جلدگنوا دیں اور پھر کم بیک نہ کر سکے،140کا ہدف ہماری دسترس میں موجود اور ہمیں اسے حاصل کرنا چاہیے تھا۔ میزبان سے میچ میں حفیظ جس وقت اسٹمپڈ ہوئے ٹیم کو 36 گیندوں پر49 رنز درکار تھے،ان کے آئوٹ ہونے سے معاملات مزید خراب ہوئے، اس حوالے سے سوال پر کپتان نے کہا کہ مجھے یقین تھا کہ آخر میں لسیتھ مالنگا سے دو اوورز کرائے جائیں گے اس لیے ہیراتھ کی گیند پر خطرہ مول لیا، بدقسمتی سے کامیاب نہ رہا، ٹوئنٹی 20 میں ہمیں اس طرح کے رسک لینے پڑتے ہیں، حفیظ نے میچ میں بولرز کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

Recommended Stories

Load Next Story