بھارت میں سوائن فلو سے 600 افراد ہلاک اور ہزاروں متاثر

بھارت کی کئی ریاستوں میں اب تک 11 ہزار سے زائد افراد اس بیماری میں مبتلا ہوچکے ہیں


ویب ڈیسک February 21, 2015
اسپتالوں میں اس بیماری کی دوا وافر مقدار میں موجود ہے اور حکومت تمام صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے، بھارتی وزیر صحت فوٹو: فائل

بھارت میں جان لیوا سوائن فلو سے گزشتہ ڈھائی ماہ کے دوران ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 600 سے زائد ہوگئی جب کہ ہزاروں افراد اب بھی اس بیماری کا شکار ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ایچ ون این ون وائرس سے پھیلنے والے سوائن فلو میں مبتلا مریضوں کی تعداد گزشتہ ایک ہفتے میں دگنی ہوچکی ہے اور اس وقت مجموعی طور پر 11 ہزار سے زائد افراد اس بیماری کا شکار ہیں، جان لیوا وائرس نے ریاست گجرات، راجستھان، مدھیا پردیش، مہاراشٹرا، دہلی اور تامل ناڈو کے سیکڑوں شہریوں کو متاثر کیا جب کہ دیگر کئی ریاستوں کے شہری بھی اس وائرس سے بری طرح متاثر ہوئے۔

دوسری جانب بھارت میں حکومت کو حالات قابو میں نہ کر پانے اور دواؤں کی قلت پر شدید تنقید کا سامنا ہے تاہم وزیر صحت کا کہنا ہے کہ اسپتالوں میں اس بیماری کی دوا وافر مقدار میں موجود ہے اور حکومت تمام صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ذرائع ابلاغ کے ذریعے عوام میں بیماری سے بچاؤ کے لئے آگہی مہم شروع کردی گئی اور صورتحال پر جلد قابو پالیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ایچ ون این ون وائرس 2009 میں میکسیکو میں پہلی بار سامنے آیا تھا جس کے بعد یہ وائرس اب تک کئی ممالک میں سیکڑوں افراد کو شکار بنا چکا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں