ورلڈکپ میں پروٹیز بھارتی خوش فہمی دور کرنے کیلیے پُرعزم

دونوں فاتح الیونزمیں تبدیلی متوقع نہیں، پول اے میں افغانستان اور سری لنکا مدمقابل


AFP/Sports Desk February 22, 2015
دونوں فاتح الیونزمیں تبدیلی متوقع نہیں، پول اے میں افغانستان اور سری لنکا مدمقابل فوٹو: فائل

KARACHI: ورلڈ کپ میں اتوار کو2 پول بی میں جنوبی افریقہ اور بھارت کا ٹکراؤ ہوگا۔ آئی لینڈرز نوآموز افغان سائیڈ پر ہاتھ صاف کرکے کامیابی کی راہ پر واپسی کے خواہاں ہہں تو پروٹیز بھی بھارتی خوش فہمی دور کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔

دونوں سائیڈز کی فاتح الیون میں تبدیلی متوقع نہیں، جنوبی افریقی کپتان ڈی ویلیئرز کو خدشہ ہے کہ ایم سی جی کی پچ سے پیسرز کو مدد نہیں ملے گی، اسپنر عمران طاہرکو میدان میں اتارا جائے گا، دوسری جانب بھارتی اسٹار کوہلی کو پیس اور باؤنس کی توقع ہے، انکے مطابق بھارتی بیٹنگ کا افریقی بولنگ سے مقابلہ ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق سری لنکا کو پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کیخلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، ٹیم اب افغانستان کو ہراکرفتح کے ٹریک پر واپسی کی خواہاں ہے، دونوں کے درمیان پہلا ون ڈے گذشتہ برس ایشیا کپ میں ہوا جس میں افغان ٹیم حریف کو 253 رنز 6 وکٹ پر محدود کرنے کے باوجود شکست سے دوچار ہوگئی تھی۔

دن کا بڑا مقابلہ میلبورن کرکٹ گراؤنڈ پر بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہوگا، جسے دیکھنے کیلیے 80 ہزار تماشائیوں کی آمد متوقع ہے، دھونی الیون نے اپنے پہلے مقابلے میں پاکستان جبکہ پروٹیز نے زمبابوے کو زیر کیا۔ بھارت نے ورلڈ کپ سے قبل ٹرائنگولر سیریز میں مختلف کمبی نیشن آزمائے تھے، مگر گرین شرٹس سے مقابلے میں 3فاسٹ بولرز اور اسپنرز کیساتھ میدان سنبھالا، اس بار بھی یہی کمبی نیشن برقرار رکھے جانے کا امکان ہے جبکہ پروٹیز اٹیک میں اسپنر عمران طاہر بھی شامل رہیں گے، کپتان ابراہم ڈی ویلیئرز کے خیال میں سلو وکٹ سے ان کے عالمی شہرت یافتہ پیس اٹیک کو زیادہ مدد نہیں ملے گی، مگر کوہلی کا خیال اسکے برعکس ہے، ان کے مطابق پچ میں پیس اور باؤنس موجود ہے۔

یہاں دراصل جنوبی افریقی بولنگ اور بھارتی بیٹنگ کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بھارت اس سے قبل جنوبی افریقہ سے ورلڈ کپ میں اپنے تینوں میچز ہار چکا لیکن چیمپئنز ٹرافی میں اس نے تینوں بار پروٹیز کو زیر کیا جس میں 2سیمی فائنلز بھی شامل تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں