ناراض شائقین سوشل ویب سائٹس پر بھڑاس نکالنے لگے

ایک دلبرداشتہ شہری نے بیٹ کو تراش کرہاکی جیسا بناتے ہوئے تصویر شیئر کردی


Sports Reporter February 22, 2015
کسی نے پاکستان میں ٹوٹے ہوئے ٹیلی ویژن سیٹس کی سیل لگانے کی پوسٹ شیئر کردی۔ فوٹو: فائل

ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں بدترین شکست پر پاکستانی شائقین نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر بھی خوب دل کی بھڑاس نکالی۔

بھارت کیخلاف شکست کو بھلا کر نئے عزم کے ساتھ ٹیم کی فتح کیلیے دعائیں کرنے والوں کا صبر اس وقت جواب دے گیا جب صرف ایک رن پر4 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے، اس موقع پر کسی نے بارش کیلیے دعا کی تو بعض نے خلاف معمول لوڈشیڈنگ نہ کرنے پر واپڈا کو کوسا، گرین شرٹس کی وکٹیں سوکھے پتوں کی مانند گرنے پر جذبات قابو میں نہ رکھ پانے پر کئی دیوانے تو پھوٹ پھوٹ کر رو پڑے ۔

ایک نوجوان نے فیس بک پر لکھا کہ ''نہیں ہے ناامید اقبال اپنی ٹیم سے ، ذرا نم ہوتو یہ وکٹ بڑی تیز ہے ساقی''۔ کوئٹہ کے ایک شائق نے میچ کے دوران لائٹ جانے پر واپڈا کا شکریہ ادا کیا۔ کسی نے پاکستان میں ٹوٹے ہوئے ٹیلی ویژن سیٹس کی سیل لگانے کی پوسٹ شیئر کردی۔ ایک دل جلے نے کرکٹرز کے لیے نئی سیلفی اسٹک متعارف کرائی، کئی کی پوسٹ میں لکھا ہوا تھا کہ '' چپ رہو ہمارا قومی کھیل کرکٹ نہیں ہاکی ہے'' ۔

ایک دلبرداشتہ شہری نے بیٹ کو تراش کر اسے ہاکی جیسا بناتے ہوئے تصویر شیئر کردی۔ بہت سے لوگوں نے پی سی بی حکام کو بھی برا بھلا کہا، کئی کا نشانہ نجم سیٹھی بنے۔ اس دوران کئی شائقین مایوس کن شکست پر کھلاڑیوں کے حق میں بھی پوسٹ بھیجتے رہے۔

ساہیوال کے ایک شہری نے فیس بک پر لکھا کہ ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان تمام لیگ میچز ہارنے کے باوجود فائنل کھیل سکتا ہے تو کرکٹ میں ایسا کیوں نہیں ہو سکتا، جو ہوا اس پر پلیئرز کو کوسنے سے کچھ ہاتھ نہیں آئے گا کیونکہ آئندہ مقابلوں میں بھی انہی کوکھیلنا ہے، یکایک کوئی عمران خان تو سامنے نہیں آسکتا، اس لیے ٹیم کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں