غیر معیاری پچ اور کپتانی کا شکست میں اہم کردار رہا سابق اسٹارز

سپورٹنگ پچ تیار نہ کرانا آئی سی سی کی ناکامی ہے، عبدالقادر


Sports Reporter October 06, 2012
اتنے بڑے میچ کیلیے خراب وکٹ بنائے جانے پر حیران ہوں، وسیم اکرم (فوٹو ایکسپریس)

سابق ٹیسٹ کرکٹرز کی رائے میں غیرمعیاری پچ اور کپتانی کا بھی پاکستان کی شکست میں اہم کردار رہا۔

سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا کہ سیمی فائنل کی پچ عالمی معیار کے مطابق نہیں تھی،اس پر بیٹنگ کرنا انتہائی دشوار تھا،میں حیران ہوں کہ اتنے بڑے میچ کے لیے ایسی پچ بنائی گئی،خشک اور ٹرننگ وکٹ بیٹسمینوں کے لیے امتحان اور اس پر140 رنز کے ہدف کا تعاقب چیلنج ہوتا ہے، مجھے پچ دیکھ کر مایوسی ہوئی، اس پر ٹوئنٹی 20 کرکٹ نہیں ہوسکتی۔ انھوں نے کہا کہ پاک سری لنکا سیمی فائنل سے قبل اسی پچ پر ویمنز کا سیمی فائنل بھی ہوا جس میں بولرز کو مدد ملی تھی، جب پاکستان نے بیٹنگ کی تو اس وکٹ پر60 اوورز کرائے جاچکے تھے۔

اتنے اہم میچ کے لیے ایسی پچ ناقابل قبول ہوتی ہے، خراب پچ کی وجہ سے شائقین میچ سے لطف اندوز نہیں ہوسکے۔ وسیم اکرم نے امپائرنگ پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان فارم بیٹسمین ناصر جمشید کیخلاف غلط فیصلے کا پاکستان کو نقصان اٹھانا پڑا،گیند لیگ سائیڈ پر جارہی تھی مگر انھیں ایل بی ڈبلیو قرار دے دیا گیا،اتنے بڑے میچ میں ایسی غلطی ناقابل معافی ہے۔ سابق چیف سلیکٹر عبدالقادر نے بھی پچ پر نکتہ چینی کرتے ہوئے اسپورٹنگ وکٹ تیار نہ کرانا آئی سی سی کی ناکامی ہے،ٹوئنٹی 20 کرکٹ مکمل تفریح ہے چنانچہ اچھی پچ تیار کرانی چاہیے تھی۔

لوگ بڑے اسکور دیکھنا چاہتے ہیں، انھوں نے کہا کہ عبدالرزاق کو منتخب نہ کرکے پاکستان نے غلط کیا، اسنے ٹیم کو کئی میچز جتوائے ہیں،ٹیم مینجمنٹ نے عبدالرزاق کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا۔ سابق کپتان یونس خان نے کہا کہ لواسکورنگ میچ میں مہیلا جے وردنے نے اپنی ٹیم کی عمدگی سے قیادت کی، اچھی بیٹنگ اورکپتانی ہی دونوں ٹیموں میں واضح فرق تھی،انھوں نے کہا کہ عمران نذیر نے اوسطاً 20، 25 رنز اسکور کیے جو ٹیم میں رہنے کے لیے کافی نہیں۔ سابق کپتان عامر سہیل نے محمد حفیظ کی کپتانی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو صبر سے کام لینا چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ ٹیم مینجمنٹ کو اسد شفیق کو پہلے میچ سے چانس دینا چاہیے تھا،وہ تکنیکی طور پر بہت مضبوط اورخاص طور پر مشکل وکٹوں پر بہت کارآمد بیٹسمین ثابت ہوتے ہیں۔ سابق کپتان ظہیر عباس نے محمد حفیظ کے کچھ غلط فیصلوں کو شکست کی وجہ قرار دیا،ان میں عبدالرزاق کو نہ کھلانا اور کامران اکمل سے اوپننگ نہ کرانا شامل ہیں،انھوں نے کہا کہ 140 رنز کا ہدف حاصل ہوسکتا تھا مگربیٹسمینوں نے پچ کے مطابق بیٹنگ نہیں کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں