سری لنکا نے دلچسپ مقابلے کے بعد افغانستان کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی

سری لنکا نے 233 رنز کا ہدف مہیلا جے وردھنے کی سنچری کی بدولت 6 وکٹوں پر حاصل کیا ۔


ویب ڈیسک February 22, 2015
افغانستان کی جانب سے حامد حسن نے 3، دولت زدران اور شپور زدران نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ فوٹو: آئی سی سی

آئی سی سی ورلڈ کپ کے بارہویں میچ میں سری لنکا نے دلچسپ مقابلے کے بعد افغانستان کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔

نیوزی لینڈ کے شہر ڈنیڈن کے یونیورسٹی اوول گراؤنڈ میں سری لنکن کپتان انجیلیو میتھیوز نے ٹاس جیت کر افغانستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تو 49.4 اوور میں افغان ٹیم 232 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی جس کے جواب میں سری لنکن ٹیم ابتدا میں شدید مشکلات سے دوچار رہی اور صرف 2 رنز پر اوپننگ بلے باز تھرامانے اور دلشان بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے جب کہ 18 کے مجموعی اسکور پر سنگاکارا بھی 7 رنز بنانے کے بعد بولڈ ہوگئے اور کریز پر موجود کرارتنے بھی زیادہ دیر تک کھل کر نہ کھیل سکے اور51 کے مجموعے پرچلتے بنے۔ مہیلا جے وردھنے اور کپتان انجیلو میتھیوز نے ذمہ دارانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 126 رنز کی شراکت قائم کی لیکن میتھیوز ان کا ساتھ چھوڑ گئے اور 177 کے مجموعے پر 44 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔

42ویں اوور میں جے وردھنے سنچری بنانے کے بعد 178 کے مجموعی اسکور پر میدان بدر ہوگئے اور یوں اس وقت تک سری لنکن ٹیم کے 6 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے جس کے بعد تھسارا پریرا اور جیوزن مینڈس نے تیز رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے 233 رنز کا ہدف 49ویں اوور میں حاصل کیا، تھسارا 47 اور مینڈس 9 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جب کہ افغانستان کی جانب سے حامد حسن نے 3، دولت زدران اور شپور زدران نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 232 رنز بنائے، اصغراستنکزئی 54 رنز کے ساتھ سب سے کامیاب بلے باز رہے جب کہ سمیع اللہ شنواری نے 38، میر واعظ اشرف نے 28، جاوید احمدی نے 24 اور محمد نبی نے 21 رنز کی اننگ کھیلی۔ سری لنکا کی جانب سے اینجلو میتھیوز اور لاستھ ملنگا نے 3، 3 جب کہ سرنگا لکمل نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ میچ میں سنچری بنانے والے مہیلا جے وردھنے کو مین آف دی میچ سے نوازا گیا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں