ویمنز ورلڈ کپآسٹریلیا اعزاز کے دفاع سے ایک فتح دور

سیمی فائنل میں ویسٹ انڈیز 28 رنز سے ناکام، سیمر جولی ہنٹر نے5 وکٹیں حاصل کیں۔


AFP October 06, 2012
سیمی فائنل میں ویسٹ انڈیز 28 رنز سے ناکام، سیمر جولی ہنٹر نے5 وکٹیں حاصل کیں۔ فوٹو : اے ایف پی

ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ میں آسٹریلیا اعزاز کے دفاع سے ایک فتح کی دوری پر پہنچ گیا۔

ٹیم نے سیمی فائنل میں ویسٹ انڈیز کو 28رنز سے ہرادیا، سیمر جولی ہنٹر نے5 وکٹوں کا کارنامہ انجام دیا،ٹرافی کیلیے اتوارکو کینگروز2009 کی چیمپئن سائیڈ انگلینڈ سے مقابلہ کریں گی۔تفصیلات کے مطابق دوسرے سیمی فائنل میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والی آسٹریلوی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 7وکٹ پر115رنز بنائے،اننگز کا آغاز اگرچہ اچھا نہ رہا اوردوسری گیند پر الیسا ہیلی کو شینل ڈیلے نے بولڈ کردیا،تیسرے اوور میں جیس کیمرون (11) کو بھی شینل نے پویلین رخصت کردیا، اس موقع پر کیریئر کا 50 واں ٹی20 انٹرنیشنل کھیلنے والی لیزا استھیلکر نے الیکس بلیک ویل (21) کے ہمراہ چوتھی وکٹ کیلیے32رنز کی شراکت سے ٹیم کو سنبھالا دیا۔

کپتان اور وکٹ کیپر جوڈی فیلڈز 19رنز پر ناقابل شکست رہی،شینل ڈیلے اور شاکوانا کوائنٹے نے2،2 وکٹیں لیں۔آسٹریلوی سیمر جولی ہنٹر کی تباہ کن بولنگ کے سامنے ویسٹ انڈین ٹیم نے19.2 اوورز میں 87 پر ہتھیار ڈال دیے، 28 پر 4وکٹیں گرنے کے بعد جولیانا نیرو(31) اور شینل ڈیلے (25) نے پانچویں وکٹ کیلیے 48رنز جوڑکر ہدف کا تعاقب کیا لیکن اختتامی 6وکٹیں محض 11رنز کے اضافے سے گرگئیں،جولی نے22 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین واپسی کے پروانے تھمائے، میچ کے بعد آسٹریلوی کپتان جوڈی فیلڈز نے کہاکہ ہمارے لیے140رنز بنانا زیادہ اچھا ہوتا لیکن اپنی مضبوط بولنگ کے پیش نظر 115کوبھی بہتر خیال کررہے تھے، دوسری جانب شکست خوردہ کپتان میریسا نے کہا کہ ہماری بیٹنگ فلاپ رہی، ہم مایوس ضرور ہیں لیکن بھرپور انداز میں دوبارہ کھیل میں واپس آئیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں