بنگلا دیش میں کشتی حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد 41 ہوگئی

کشتی میں سوار 50 افراد کو بچا لیا گیا ہے جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے، انچارج انسپکٹر

مرنے والوں میں 11 بچے اور 7 خواتین شامل ہیں، انچارج انسپکٹر۔ فوٹو: اے ایف پی

بنگلا دیش میں مسافر کشتی مال بردار بیڑے سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں کشتی میں سوار 41 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ مزید مسافروں کی تلاش کے لئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بنگلا دیش کے دارالحکومت ڈھاکا کے قریب دریائے پدما میں مسافربردار کشتی مال بردارجہاز سے ٹکرانے کے بعد ڈوب گئی جس کے نتیجے میں کشتی میں سوار 100 سے زائد افراد ڈوب گئے جب کہ غوطہ خوروں نے 41 لاشوں کو نکالتے ہوئے لاپتہ مسافروں کی تلاش شروع کردی۔ انچارج انسپکٹر رقیب الزماں کے مطابق مرنے والوں میں 11 بچے اور 7 خواتین شامل ہیں اور خدشہ ہے کہ کشتی میں 100 سے زائد مسافر سوار تھے جس میں سے 50 کو بحفاظت نکالا جاچکا ہے تاہم ریسکیو ٹیموں نے لاپتہ ہونے والوں کی تلاش کے لئے آپریشن تیزکردیا ہے۔


حکام کے مطابق مال بردار جہاز اچانک مسافر کشتی کے سامنے آگیا جس کے باعث حادثہ رونما ہوا تاہم واقعہ کی تحقیقات کے لئے کارگو جہاز کے عملے کے 2 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ بنگلادیش میں دریائے پدما ملک کے سب سے بڑے دریاؤں میں سے ایک ہے جو جنوبی اور شمالی مشرقی علاقوں میں قیام پذیر لوگوں کو ایک مقام سے دوسرے مقام تک ملاتا ہے جب کہ دریائے پدما میں کشتی حادثہ ملکی تاریخ کا دوسرا سب سے بڑا حادثہ ہے۔
Load Next Story