مخصوص لابی ٹیم کو کامیاب نہیں دیکھنا چاہتی شعیب اختر

ملک میں باصلاحیت فاسٹ بولرز کی کمی نہیں لیکن انھیں سیاست کی نذرکیاجارہا ہے


ایکسپریس July 14, 2012
ملک میں باصلاحیت فاسٹ بولرز کی کمی نہیں لیکن انھیں سیاست کی نذرکیاجارہا ہے۔ فوٹو/ایکسپریس

سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں موجود ایک مخصوص لابی چاہتی ہی نہیں ہے کہ قومی ٹیم عالمی سطح پر فتح کے جھنڈے گاڑے۔کرکٹ کا حقیقی حسن فاسٹ بولنگ میں ہی ہے، ملک میں باصلاحیت فاسٹ بولرز کی کمی نہیں لیکن بد قسمتی سے یہ صلاحیتیں سیاست کی نذر ہو رہی ہیں، جلد ہی ٹیلنٹ ہنٹ اسکیم شروع کروں گا جس میں 50 فاسٹ بولرز تیار کروں گا۔ان ملے جلے خیالات کا اظہار انھوں نے ''ایکسپریس نیوز'' سے خصوصی بات چیت کے دوران کیا۔

شعیب اختر نے کہا کہ پاکستان کے ہر شعبے کی طرح اسپورٹس میں بھی سیاست ہے جس نے کھیلوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ عالمی ریکارڈ یافتہ پیسر نے کہاکہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں بھی سیاست ہے اور اگر یہ کہوں تو غلط نہیں ہوگا کہ بورڈ میں ایک مخصوص لابی ہے جو یہ چاہتی ہی نہیں ہے کہ پاکستان ٹیم عالمی سطح پر جیتے۔ شعیب اختر نے کہا کہ کرکٹ کا حقیقی حسن فاسٹ بولنگ میں ہی ہے، تاہم بد قسمتیسے پاکستان میں اچھے فاسٹ بولرز ناپید ہوتے جا رہے ہیں میں جلد ہی ملک بھر میں ٹیلنٹ ہنٹ اسکیم کا آغاز کروں گا جس میں 50 فاسٹ بولرز تیار کروں گا، اب یہ بورڈ پر منحصر ہے کہ ان سے کس حد تک استفادہ حاصل کرتا ہے،

انھوں نے کہا کہ میں آج اپنے ملک پاکستان کی بدولت ہی اس مقام پر ہوں لہذا ملک وقوم کی خدمت کرتے ہوئے خوشی محسوس ہوگی، جب ان سے پوچھا گیا کہ فاسٹ بولر عمر گل سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران صرف ایک وکٹ ہی حاصل کرسکے ، ایسے میں پاکستان میں فاسٹ بولنگ کا مستقبل کیا دیکھتے ہیں، انھوں نے کہا کہ ملک میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے لیکن بد قسمتیسے یہ صلاحیتیں سیاست کی نذر ہو رہی ہیں،عالمی سطح پر اچھے فاسٹ بولرز کی تعداد میں دن بدن کمی آتی جارہی ہے۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ فاسٹ بولر پوری قوت لگا کر گیند کرتے ہیں جس کی وجہ سے ان کے انجری مسائل بھی زیادہ ہوتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں