ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے والے ناکام ہونگے وزیر اعظم

دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کے خاتمے پر سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا، نواز شریف


News Agencies/Numainda Express February 23, 2015
درپیش چیلنجوں سے راہ فرار اختیار نہیں کرینگے، رکاوٹیں مرحلہ وار ختم کر رہے ہیں، شہباز شریف سے گفتگو۔ فوٹو: فائل

KARACHI: وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کے خاتمے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

انتخابی منشور اور عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی، ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے، رکاوٹیں ڈالنے والے ناکام ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق اتوارکو جاتی امرا رائے ونڈ میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ملاقات کے دوران انھوں نے کہا کہ ترقی کا خواب امن کے بغیر شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا، ملک میں کئی دہائیوں سے پھیلی دہشت گردی کے خاتمے کا عزم کرچکے ہیں جس کے لیے حکومت، افواج سمیت دیگر قانون نافذ کرنیوالے ادارے اور پوری قوم ایک پیج پر اور یکسو ہیں۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے سینیٹ انتخابات، نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کی رفتار، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں متوقع ردوبدل کے علاوہ ملک کی مجموعی سیاسی اور امن و امان کی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ شہباز شریف نے وزیراعظم کو پولیس لائنز کے باہر ہونے والے خود کش دھماکے کی تحقیقات کے علاوہ توانائی کے مختلف منصوبوں میں پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔

نوازشریف نے کہا کہ دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کے خلاف حکومت، فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ کوششوں کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں، ملک کو بے شمار چیلنج درپیش ہیں، ان سے راہ فرار اختیار نہیں کریں گے بلکہ ان سے نبرد آزما ہونے کے لیے دن رات ایک کیے ہوئے ہیں۔ عوامی مسائل کے حل کی راہ میں آنے والی رکاوٹیں مرحلہ وار ختم کر رہے ہیں، انشا اللہ جلد سرخ رو ہوں گے۔ آئی این پی کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ ملک کو دہشت گردی، لوڈشیڈنگ، مہنگائی اور بے روزگاری سے نجات دلائیں گے، تمام صوبوں میں قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں