اسلام آباد پولیس نے امام بارگاہوں کی سیکیورٹی نمازیوں پر ڈال دی

سیکیورٹی اقدام نہ کرنے پرامام بارگاہ سیل کردیں، ایس ایچ اوز کو ہدایت

گارڈز تعیناتی، چیک پوسٹوں کا قیام، بیریئر لگانا امام بارگاہ انتظامیہ کی ذمے داری قرار۔ فوٹو: فائل

SUKKUR:
وزارت داخلہ کی ہدایت پر وفاقی پولیس نے اسلام آباد میں موجود تمام امام بارگاہوں کی سیکیورٹی کی ذمے داری غریب عوام پرڈال کرخود اپنی ذمے داریوں سے راہ فرار اختیار کرنے کا منصوبہ بنالیا۔


باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وزارت داخلہ کی ہدایت پر وفاقی پولیس نے اسلام آباد کے تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز کو ہدایت نامہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ تھانوں کی حدود میں واقع تمام امام بارگاہوں کی سیکیورٹی کی ذمے داری وہاں مقیم شہریوں اور امام بارگاہوں کے انتظامیہ پر عائد کی جائے۔ ہدایت نامے میں واضح طور پرکہا گیا ہے کہ امام بارگاہوں کے باہر تربیت یافتہ سیکیورٹی گارڈز کی تعیناتی،چھتوں پر سیکیورٹی چیک پوسٹیں قائم کرنے اورامام بارگاہوں کو جانےوالے تمام داخلی راستوں پر مضبوط بیریئر قائم کرنے کی ذمے داری متعلقہ امام بارگاہوں کی انتظامیہ پر عائد ہوگی۔

اگر کوئی بھی امام بارگاہ انتظامیہ سیکیورٹی کے حوالے سے مذکورہ اقدام کرنے سے قاصر رہے تواس امام بارگاہ کو مکمل طور پر سیل کردیا جائے۔ ذرائع نے بتایا کہ اس ضمن میں تھانوں کے ایس ایچ اوز نے اس ہدایت نامے پر عمل درآمد کیلیے متعلقہ امام بارگاہوں کی انتظامیہ اور علاقے کی سرکردہ شخصیات کو تھانوں میں بلاکر سیکیورٹی پلان بارے آگاہ کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں امام بارگاہوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے کے بعدامام بارگاہوں کی سیکیورٹی کا معاملہ اہمیت اختیار کرگیا ہے۔
Load Next Story