پاکستان داعش کی ممکنہ سرگرمیوں سے غافل نہیں سیکریٹری خارجہ

پاک فوج داعش سمیت کسی بھی کالعدم تنظیم کے خلاف کارروائی میں عالمی اتحاد کا حصہ نہیں، اعزاز چوہدری


ویب ڈیسک February 23, 2015
قومی ایکشن پلان کے تحت ہونے والی گرفتاریوں میں داعش کے حامیوں کی موجودگی بھی خارج از امکان نہیں، سیکریٹری خارجہ، فوٹو:فائل

سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری کا کہنا ہے کہ حکومت جنگجو تنظیم داعش کی ممکنہ سرگرمیوں اور کارروائیوں سے غافل نہیں ہے جب کہ اس تنظیم سے وابستہ افراد سمیت دیگر کالعدم تنظیموں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی بھی جاری ہے۔

سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے پارلیمنٹ ہاؤس میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملک میں کچھ کالعدم تنظیموں کی جانب سے داعش کے ساتھ روابط کا دعویٰ سامنے آیا ہے جس پر سکیورٹی اور خفیہ ادارے ان تنظیموں پر نظر رکھے ہوئے ہیں تاہم پاکستانی عوام کی داعش کے ساتھ کوئی نظریاتی اور جغرافیائی وابستگی نہیں ہے۔

اعزاز چوہدری کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں داعش کی شدت پسندانہ کارروائیوں کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، عالمی برادری بھی ان کارروائیوں کے خلاف متحرک ہوچکی ہے اور حکومت پاکستان بھی اس کی ممکنہ سرگرمیوں سے غافل نہیں ، ملک میں اس تنظیم سے وابستہ افراد سمیت دیگر کالعدم تنظیموں کے خلاف بھی کارروائی جاری ہے۔ سیکریٹری خارجہ نے بتایا کہ پاک فوج داعش سمیت کسی بھی کالعدم تنظیم کے خلاف کارروائی میں عالمی اتحاد کا حصہ نہیں ہے۔

سیکریٹری خارجہ نے کمیٹی کو مزید بتایا کہ ملک میں قومی ایکشن پلان کے تحت ہونے والی ہزاروں گرفتاریوں میں داعش کے حامیوں کی موجودگی کوبھی خارج از امکان نہیں کہا جاسکتا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں