دنیا کے شفاف ترین ساحل جھیلیں اور سمندر

سمندر، جھیلیں اور دریا ہمیشہ سے ہی انسانی فطرت کی کمزوری رہے ہیں۔


سید بابر علی February 23, 2015
اب بھی جھیلوں، سمندر کا نیلگوں شفاف پانی لوگوں کو اپنی جانب کھینچتا ہے۔

سمندر، جھیلیں اور دریا ہمیشہ سے ہی انسانی فطرت کی کمزوری رہے ہیں۔ نمکین اور میٹھے پانی کے یہ ذخائر ہماری غذائی ضروریات کا بڑا حصہ فراہم کرتے ہیں۔ ان پانیوں کو ہی انسان صدیوں سے جنگ و جدل اور تجارتی مقاصد کے لیے استعمال کرتا چلا آرہا ہے۔ یہ پانی ہی دنیا کے کروڑوں لوگوں کو روزگار فراہم کرتا ہے۔ اپنی ازلی فطرت سے مجبور انسان نے اپنے مفادات کو ترجیح دیتے ہوئے دنیا بھر کے سمندروں، جھیلوں اور دریاؤں کو آلودہ کردیا ہے تاہم دنیا میں کچھ آبی ذخائر ایسے بھی ہیں جو اب تک آلودگی کے عفریت سے بچے ہوئے ہیں۔ اب بھی جھیلوں، سمندر کا نیلگوں شفاف پانی لوگوں کو اپنی جانب کھینچتا ہے۔ دنیا کا ایسے ہی کچھ آبی ذخائر کا احوال قارئین کی دلچسپی کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔

ویلی ورزاسکا، سوئٹزرلینڈ



سوئٹررلینڈ کے دریائے ورزاسکا کا شمار دنیا کے شفاف ترین پانی رکھنے والے دریاؤں میں ہوتا ہے۔ سوئٹزر لینڈ کے جنوب میں واقع اس دریا کا پانی اس قدر شفاف ہے کہ دریا کی تہہ میں پیراکی کرنے والے فرد کو دریا کے کنارے سے بھی واضح دیکھا جا سکتا ہے۔ اس دریا کے کنارے پر اسی نام سے بننے والا ڈیم جیمز بانڈ سیریز کی فلم 'گولڈن آئی' میں بھی دکھایا گیا ہے۔

نیلی جھیل، نیوزی لینڈ



نیوزی لینڈکی اس نیلی جھیل کے پانی کو دنیا کا سب سے صاف اور میٹھا پانی قرار دیا گیا ہے۔ 2011 میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق اس جھیل کا پانی اس قدر شفاف ہے کہ آپ با آسانی 70 سے 80 میٹر (230سے260فٹ) گہرائی میں دیکھ سکتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق ڈسٹلڈ واٹر( کشید کردہ پانی) میں بھی دیکھنے کی صلاحیت 80 میٹر تک ہوتی ہے۔

سابا، ملائیشیا



ملائیشیا کے مشرق میں واقع دنیا کے تیسرے بڑے جزیرے سابا کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں۔ یہ جزیرہ ملائیشیا کی ریاست کا درجہ بھی رکھتا ہے۔ شمال کی جانب سے چٹانوں میں گھرے اس جزیرے کی ایک تحصیل سیم پورنا کو سیاحوں کی جنت بھی کہا جاتاہے۔ سیم پورنا کے اطراف پانی بے حد شفاف ہے۔ یہاں آنے والے سیاح پانی کی تہہ میں نظر آنے والی خوب صورت آبی مخلوقات اور تہہ میں بننے والے کشتی کے سائے سے بھی بے حد لطف اندوز ہوتے ہیں۔

بیک بیک بیچ، سابا ملائیشیا



ملائیشیا کے بیک بیک بیچ کا شمار بھی دنیا کے خوب صورت اور شفاف پانی رکھنے والے ساحلوں میں کیا جاتا ہے۔ سمندری چٹانوں پر مشتمل یہ ساحل خوب صورتی میں اپنی مثال آپ ہے۔

جزیرہ پانیری، اوکی ناوا جاپان



پانیری جاپان کے مضافات میں پھیلےYaeyama جزائر میں سے ایک ہے۔ پانیری کو غوطہ خوری کے لیے دنیاکے سب سے بہترین جزیرے کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔ شیشے کی طرح شفاف پانی کی سطح پر تیراکی کے ساتھ پیراک زیر آب سمندری مخلوقات کو بھی اپنے ساتھ اٹکھلیاں کرتے دیکھ سکتے ہیں۔

جیوژائگو ویلی، چین



چین کے جنوب مغربی صوبے میں واقع جیوژائگو ویلی قدرتی حسن کی دولت سے مالا مال قدرتی پارک ہے۔ اس وادی کو اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسکو کی جانب سے عالمی ورثہ قرار دیا گیا ہے۔ اس علاقے کی وجہ شہرت نہ صرف شیشے کی طرح شفاف جھیلیں ہیں، بلکہ قدرتی آبشاروں اور برف کی سفید چادر اوڑھے پہاڑوں نے بھی اس جگہ کی خوب صورتی کو چار چاند لگا دیے ہیں۔

مارجوری جھیل، کیلی فورنیا



امریکی ریاست کیلی فورنیا میں چہار اطراف سے پہاڑوں میں گھری ماجوری جھیل دیکھنے والوں کو اپنے سحر میں مبتلا کردیتی ہے۔ شفاف پانی کی تہہ میں موجود آبی حیات اورجھیل کی سطح پر پڑنے والا بادلوں کا عکس دیکھنے والوں کو ششدر کر دیتا ہے۔

ریو سو کوری دریا، برازیل



برازیل کے پینٹانیل خطے میں واقع دریا 'ریو سوکوری' کا منبع چشموں سے بہہ کر آنے والا پانی ہے۔ صاف شفاف پانی کی وجہ سے یہ دریا اسکوبا ڈائیور (زیر آب غوطہ خوری) کے لیے بہترین جگہ سمجھی جاتی ہے۔ یہاں غوطہ خوری کرتے وقت آپ زیر آب دوسرے غوطہ خوروں کو بھی واضح طور پر دیکھ سکتے ہیں۔

لیک تاہوئی، نیواڈا



خوب صورت چٹانوں اور شفاف پانی رکھنے والی یہ جھیل امریکی ریاست نیواڈا میں واقع ہے۔ جھیل تاہوئی Lake Tahoe کے شیشے کی طرح صاف پانی میں نظر آنے والی زیر آب چٹانوں اور آبی مخلوقات کو دیکھنے کے لیے ہر سال ہزاروں سیاح یہاں کا رُخ کرتے ہیں۔ یہ جھیل نیواڈا کے اہم تفریحی مقامات میں سے ایک ہے۔

جزیرہ لینا پیکان، فلپائن



فلپائن کے جزیروں پر مشتمل صوبے پلاوان پر واقع یہ جزیرہ خوب صورتی میں اپنی مثال آپ ہے۔ اس جزیرے پر موجود ریت ساحل کو خوب صورتی عطا کرتی ہے تو دوسری جانب اس کا شفاف پانی اس جزیرے کے حسن کو مزید جلا بخشتا ہے۔

جھیل جینی، ویومنگ امریکا



امریکی ریاست ویومنگ کے گرانڈ ٹیٹن نیشنل پارک میں واقع اس جھیل کا شمار دنیا کی قدیم ترین جھیلوں میں بھی کیا جاتا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ یہ جھیل تقریباً 12ہزار سال قبل گلیشیئرز(برفانی تودوں) کے پگھلنے سے وجود میںآئی تھی۔ شمالی امریکا کے پہاڑی سلسلے ' گرانڈ ٹیٹن' کے قدموں میں بنی یہ جھیل اپنے خوب صورت محل وقوع اور شفاف پانی کی وجہ سے سیاحوں کی دلچسپی کا محور ہے۔ حیرت انگیز امر یہ ہے کہ اس جھیل کا پانی اسپیڈ بوٹس کے چلنے کے باوجود اس قدر صاف ہے کہ آپ لانچ میں بیٹھ کر بھی با آسانی اس کی تہہ میں موجود پتھروں، پودوں اور آبی حیات کو دیکھ سکتے ہیں۔

جھیل کریٹر، اوریگن



امریکی ریاست اوریگن میں واقع یہ جھیل اپنے محل وقوع، شفاف نیلگوں پانی کی وجہ سے شہرت کی حامل ہے۔ اس جھیل کا شمار بھی دنیا کی قدیم ترین جھیلوں میں کیا جاتا ہے۔ محققین کے مطابق یہ جھیل 7ہزار7سو سال پہلے مازاما پہاڑ پر موجود آتش فشاں کے ڈھ جانے سے وجود میں آئی تھی۔ چاروں اطراف موجود پہاڑوں نے اس جھیل کو ایک پیالے کی شکل دے دی ہے۔ شفاف نیلے پانی والی اس جھیل کو امریکا کی سب سے گہری اور دنیا کے ساتویں گہری جھیل ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

کیلا میکاریلا، اسپین



صنوبر اور شاہ بلوط کے درختوں میں گھرے اس جزیرے کا شمار دنیا کے خوب صورت ساحل والے جزائر میں ہوتا ہے۔ سفید ریت، پرسکون سمندری لہروں اورشفاف پانی نے اس بیچ کو دنیا کے خوب صورت ترین ساحلوں میں سے ایک بنا دیا ہے۔ ہر سال دنیا بھر کے لاکھوں سیاح اس خوب صورت جزیرے کے شفاف پانی سے لطف اندوز ہونے کے لیے یہاں کا رُخ کرتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |