آؤ پڑھاؤ کامسیٹس یونیورسٹی لاہور کے اساتذہ کو ایوارڈ دیئے گئے

عمران رضا، ثنا رضوان، عائشہ جمیل، ڈاکٹر عاکف، عاصم خان، حفیظ آصف و دیگر شامل


Numainda Express February 24, 2015
آؤپڑھاؤ مہم کے حوالے سے کامسیٹس یونیورسٹی میں منعقدہ تقریب کے موقع پر ایوارڈ وصول کرنے والے اساتذہ کا مارکیٹنگ اینڈ ایویلیوایشن افسر علم آئیڈیا نجیب اللہ بیگ، ڈائریکٹر ڈوئیل ڈگری پروگرام کامسیٹس یونیورسٹی ڈاکٹر ایم اے فاروقی اور ٹیم لیڈر آؤ پڑھاؤ مہم محسن لغاری کے ہمراہ گروپ فوٹو۔ فوٹو: ایکسپریس

ایکسپریس میڈیا گروپ کے زیر اہتمام جاری آؤ پڑھاؤ کمپین جس کا سلوگن ہے ''جو سیکھا ہے سکھاؤ، آؤ پڑھاؤ'' کے تحت گزشتہ روز کامسیٹس یونیورسٹی لاہور میں تقریب منعقد کی گئی جس میں آؤ پڑھاؤ کمپین کے ارکان خواجہ حماد احمد، یمنٰی بتول جعفری، ام البنیل، رحمن اﷲ خان، ردا قاضی، ابرار شاہ، کومل علی، سفیان جاوید، ولی مہدی، صباحت علی، یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبا نے بھرپور شرکت کی۔

تقریب کے دوران یونیورسٹی میں اعلیٰ کارکردگی کے حامل 10 منتخب اساتذہ کو ایوارڈ دیے گئے، آؤ پڑھاؤ کمپین کے پارٹنر علم آئیڈیا کے مارکیٹنگ اینڈ ایویلیوایشن (ایم اینڈ ای) آفیسر نجیب اﷲ بیگ نے علم آئیڈیا اور آؤ پڑھاؤ کمپین کے ٹیم لیڈر محسن لغاری نے کمپین کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی جبکہ یونیورسٹی کے ڈائریکٹر ڈوئیل ڈگری پروگرام ڈاکٹر ایم اے فاروقی نے اس کاوش پر ایکسپریس میڈیا کو سراہا، استاد شازیہ حنیف نے بحیثیت استاد اپنا پیشہ اختیار کرنے کی کہانی سنائی، تلاوت کلام پاک اور قومی ترانے کے بعد علم آئیڈیا کے نجیب اﷲ بیگ نے 10 منتخب اساتذہ عمران رضا، ثنا رضوان، عائشہ جمیل، ڈاکٹر عاکف انور چوہدری، ڈاکٹر عاصم علی خان، ڈاکٹر حفیظ آصف، ڈاکٹر روبینہ فاروق، ڈاکٹر عاصم لئیق خان، شازیہ حنیف اور ڈاکٹر کاشف علی میں ایوارڈ تقسیم کیے۔

نجیب اﷲ بیگ نے کہا میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ آؤ پڑھاؤ مہم میں ''علم آئیڈیا'' پارٹنر ہے جس کے ذریعے تدریس کے شعبہ کو اختیار کرنے کیلیے طلبا میں تحریک پیدا کی جا رہی ہے، آؤ پڑھاؤ کو مختلف یونیورسٹیوں کے اساتذہ اور طالبعلموں میں بڑی پذیرائی مل رہی ہے، ہمارے ہاں جو یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ یہاں تعلیم کا معیار اچھا نہیں یہ درست نہیں ہے یہاں بہت اچھے اساتذہ موجود ہیں اور اچھا استاد ہی طالبعلم کی شخصیت کو نکھارتا ہے۔

ڈاکٹر ایم اے فاروقی نے کہا کہ ایکسپریس پاکستانی میڈیا میں ایک ذمے دارانہ کردار ادا کر رہا ہے اور آؤ پڑھاؤ جیسا آئیڈیا پیش کرنے پر مبارکباد کا مستحق ہے، محسن لغاری نے کہا کہ پہلے طالبعلم کو ایوارڈ ملتا تھا تو استاد فخر کرتا تھا کہ اس کا طالبعلم ہے مگر ہم استاد کو سامنے لے آئے ہیں اور اب استاد کو ایوارڈ مل رہا ہے جس پر طالبعلم فخر کرتا ہے، استاد شازیہ حنیف نے کہا کہ ایک اچھا استاد ہی اچھے طالبعلم اور بہتر پاکستان کا ضامن ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں