مسلمانوں اور عیسائیوں کے بعد ہندو انتہا پسند مدر ٹریسا کے خلاف بھی زہر اگلنے لگے

مدر ٹریسا کی غریب ہندوؤں کی خدمت کا مقصد انہیں عیسائی بنانا تھا، رہنما ہندو انتہا پسند تنظیم

آر ایس ایس سے اپیل کی ہے کہ مدر ٹریسا کو "بخش" دیں، اروند کیجروال۔ فوٹو: فائل

PESHAWAR:
بھارتی ہندو انتہا پسند تنظیم راشٹریہ سوام سیوک سنگھ ( آر ایس ایس ) نے انسانیت کی خدمت کے لئے مشہور مدر ٹریسا کو بھی نہیں بخشا اور ان کی خدمات کو جھٹلا دیا۔


بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہندو انتہا پسند تنظیم کے رہنما موہت بھگوت کا کہنا ہے کہ مدر ٹریسا کی غریب ہندوؤں کی خدمت کرنے کا مقصد انہیں عیسائی بنانا تھا۔ بھارتی ریاست راجستھان کے شہر بھارت پورمیں غیرسرکاری تنظیم کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں آر ایس ایس کے چیف موہت بھگوت نے کہا کہ انسانی خدمت کے نام پر ہندوؤں کو عیسائی بنایا جانا مدر ٹریسا کا ایک مقصد تھا جو انسانی خدمت کو بدنام کرنے کا سبب ہے جب کہ آر ایس ایس کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات لالچ اور مقاصد کے بغیر ہیں۔

موہت بھگوت کے بیان پر مقامی میڈیا کی جانب سے جب شدید تنقید کی گئی تو انتہا پسند تنظیم نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ مدر ٹریسا اپنے مقاصد کے لئے عوامی خدمت کرتی تھیں لیکن آر ایس ایس ذاتی مقاصد کے بغیرانسانی خدمت پر یقین رکھتی ہے جب کہ نئی دہلی کے نومنتخب وزیراعلی اروند کیجروال نے اس پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹر پیغام میں آر ایس ایس سے اپیل کی ہے کہ وہ مدر ٹریسا کو "بخش" دیں۔
Load Next Story