سینیٹ انتخابات کیلئے حکومت کے شو آف ہینڈ اقدام کی حمایت کرتے ہیں عمران خان

جوبھی اپنے آپ کو بیچے گا اس کیخلاف عدالت جائیں گے اورکارکنوں کو ایسے افراد کے گھروں کاگھیراؤکرنے کا کہوں گا،عمران خان


ویب ڈیسک February 24, 2015
کوئی غلط فہمی میں نہ رہے 2015 کا انتخابات کا سال ہے، چیئرمین تحریک انصاف۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

FAISALABAD: چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں حکومت کی جانب سے "شو آف ہینڈ" کا خیال اچھا ہے جس کی حمایت کرتے ہیں لیکن اس پر جلد عملدرآمد بھی ہونا چاہیے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے بہت کم کام ایسے کئے ہیں جن کی تعریف کی جاسکتی ہے جس میں سے ایک سینیٹ انتخابات میں ضمیروں کے سودے لگانے کی روک تھام ہے، تحریک انصاف کے ٹکٹ سے منتخب ہونے والے ایک رکن نے اپنے ضمیر کا سودہ لگایا لیکن اب جو بھی اپنے آپ کو بیچے گا اس کے خلاف عدالت جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے سامنے لوگوں کے ضمیروں کی قیمت لگ رہی ہے اور جو شخص کروڑوں روپے خرچ کرکے سینیٹ آئے گا تو وہ کس طرح عوام کی خدمت کرے گا، کارکنوں کو کہوں گا کہ اپنے آپ کو بیچنے والوں کے گھروں کا گھیراؤ کیا جائے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ انتخابی دھاندلی کے خلاف جوڈیشل کمیشن بناکر رہیں گے اور کمیشن کے قیام تک پارلیمنٹ میں نہیں جائیں گے،کوئی غلط فہمی میں نہ رہے 2015 انتخابات کا سال ہے، اگر جوڈیشل کمیشن کے قیام میں تاخیر کی گئی تو سڑکوں پر نکلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکمراں جماعت نے عام انتخابات میں کم از کم 70 لاکھ جعلی ووٹ ڈالے اور یہ جوڈیشل کمیشن میں ثابت کریں گے۔ عمران خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری لانے کے لئے دبئی جارہا ہوں جب کہ اس حوالے سے وزیراعلی ہاؤس میں آفس بنایا جائے گا جہاں غیرملکی سرمایہ کاروں کے مسائل سنے جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں