نبیل گبول قومی اسمبلی اور ایم کیو ایم کی رکنیت سے مستعفی

ملک کیلئے بڑا فیصلہ کرنے جا رہا ہوں اور ان حالات میں پارٹی کے ساتھ رہتے ہوئے کوئی فیصلہ کرنا ناممکن تھا، نبیل گبول


ویب ڈیسک February 24, 2015
نبیل گبول متحدہ قومی موومنٹ کے ٹکٹ پر قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ فوٹو: فائل

KARACHI: ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی اور سابق وفاقی وزیر نبیل گبول نے اسمبلی اور پارٹی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے ٹکٹ پر قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246 سے کامیاب ہونے والے نبیل گبول نے قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا جب کہ ایم کیو ایم کی جانب سے پارٹی ڈسپلن پر انہیں کئی بار متنبہ کیا گیا تھا تاہم اب انہوں نے اپنی پارٹی رکنیت سے بھی استعفیٰ دے دیا ہے۔ نبیل گبول کے مطابق ذاتی مصروفیات کے باعث پارٹی کو وقت نہیں دے پارہا تھا جب کہ ملک کے لئے بہت بڑا فیصلہ کرنے جا رہا ہوں اور ان حالات میں پارٹی کے ساتھ رہتے ہوئے کوئی فیصلہ کرنا ناممکن تھا۔

نبیل گبول کا کہنا ہے کہ پارٹی قیادت کو استعفا 15 دن پہلے پیش کردیا تھا تاہم آج اسپیکرقومی اسمبلی کواستعفا دینے آیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم ایک منظم پارٹی ہے لیکن میں ایم کیوایم کے لیےمس فٹ تھا لیکن ابھی بھی پارٹی میں بہت لوگوں سےدوستی ہے اور رابطہ کمیٹی کےاراکین میرے دوست ہیں لہٰذا میرا کسی سے کوئی اختلاف نہیں، آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کل کروں گا۔

دوسری جانب ایم کیو ایم کے رہنما رشید گوڈیل کا کہنا ہے کہ نبیل گبول نے ایم کیو ایم سے استعفا نہیں دیا بلکہ انہوں نے صرف قومی اسمبلی کی رکنیت سےاستعفا دیا ہے اور وہ اب بھی متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن اورسی ای سی کے ممبر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نبیل گبول ابھی پارٹی چھوڑ کر نہیں گئے وہ ایم کیوایم کاحصہ ہیں اور آیندہ بھی رہیں گے۔

واضح رہے کہ عام انتخابات سے قبل نبیل گبول پیپلز پارٹی کو چھوڑ کر ایم کیو ایم میں شامل ہوئے تھے جس کے بعد وہ متحدہ قومی موومنٹ کے ٹکٹ پر قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں