2022 فٹبال ورلڈ کپ 26 نومبر سے 23 دسمبر تک منعقد ہونے کا امکان

ٹیموں کی تعداد میں کمی نہیں ہوگی، حتمی فیصلہ19مارچ کو فیفا ایگزیکٹیو کمیٹی کرے گی

ٹیموں کی تعداد میں کمی نہیں ہوگی، حتمی فیصلہ19مارچ کو فیفا ایگزیکٹیو کمیٹی کرے گی۔ فوٹو: فائل

فیفا کی ورلڈ کپ ٹاسک فورس کمیٹی نے گذشتہ روز منعقدہ اجلاس میں 2022 کا میگا ایونٹ 26نومبر سے23 دسمبر تک کرانے کی تجویز پیش کردی،اس پر حتمی فیصلہ ایگزیکٹیو کمیٹی 19 اور20 مارچ کو زیورخ میں شیڈول میٹنگ میں کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق فیفا ٹاسک فورس کمیٹی نے 2022 ورلڈ کپ کو 26نومبر سے23 دسمبر تک منعقد کرنے کی تجویز پیش کردی، ارکان نے کہاکہ یہ میچزکیلیے سب سے موزوں وقت ہوگا،اس پر حتمی فیصلہ 19،20 مارچ کو فیفا ایگزیکٹیو کمیٹی کے زیورخ میں شیڈول اجلاس میں ہوگا۔


دوحا میں ٹاسک فورس کمیٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں فیفا کے جنرل سیکریٹری جیروم والکے نے کہا کہ ہمارے پاس مسئلے کا واحد حل نومبر، دسمبر میں ایونٹ کا انعقاد ہے، فیفا نے 2022 کے ٹورنامنٹ کو مختصر کرنے کی سفارش بھی کردی، حکام نے اجلاس میں موسم گرما میں ہونے والے ورلڈ کپ میں کھلاڑیوں اور شائقین کو گرمی کے باعث خطرات کے پیش نظر کئی آپشنز پر غور کیا، یورپ کی کئی ٹیموں کو یہ تجویز پسند نہیں آئے گی کیونکہ وہ چاہتی ہیں کہ ورلڈ کپ اپریل مئی میں منعقد ہو، واضح رہے کہ قطر میں جون اور جولائی کے مہینوں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر جاتا ہے۔

ٹاسک فورس کے سربراہ شیخ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ نے یہ بھی تجویز کیا کہ 2022 کا ٹورنامنٹ مختصر کردیا جائے، فیفا آفیشلز 32 ٹیمیں یا 64 میچز سے کمی کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے،برطانیہ سے تعلق رکھنے والے فیفا کے نائب صدر جم بوائس نے کہاکہ ہم فائنل 23 دسمبر کو منعقد کرانے کی مخالفت کریں گے، ورلڈ کپ کا موسم سرما میں انعقاد قابل فہم لیکن فائنل کی تاریخ کسی طور پر مناسب نہیں ہوگی، یہ سال کی اختتامی تعطیلات سے بہت قریب ہے، فیفا پہلے ہی جنوری ، فروری میں ورلڈکپ کے انعقاد کو خارج ازامکان قرار دے چکی ہے کیونکہ ایسی صورت میں تاریخوں کا ونٹر اولمپکس سے تصادم ہوگا، نومبر، دسمبر میں قطر کا موسم 25 ڈگری سینٹی گریڈ کے لگ بھگ ہوگا جبکہ جون ، جولائی میں درجہ حرارت 40 ہوتا ہے۔

دوسری جانب انگلش پریمیئر لیگ کے چیف ایگزیکٹیو رچرڈ اسکوڈامور نے فٹبال ورلڈ کپ2022 نومبر، دسمبر میں منعقد کرانے کی تجویز کو مسترد کردیا، وہ دوحا میں میگا ایونٹ کی تبدیلیوں پر کام کرنے والی فیفا ٹاسک کمیٹی کے ممبر بھی ہیں، انھوں نے کہاکہ یوئیفا نے میگا ایونٹ کی تاریخوں میں تبدیلی کی تجویز دے کر ہمیں مایوس کیا، نومبر، دسمبر میں ورلڈ کپ کے انعقاد سے انگلینڈ کی بڑی لیگز بُری طرح متاثر ہوں گی کیونکہ یہ اس وقت شروع ہوتی ہیں، روایتی طور پر جون، جولائی میں منعقد کیے جانے والے فٹبال ورلڈ کپ کیلیے کچھ یورپیئن لیگز نے تاریخوں میں تبدیلی پر ہرجانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
Load Next Story