سندھ حکومت پرویز مشرف کو سیکیورٹی فراہم کرے عدالت کا حکم

انسداد دہشت گردی کی عدالت نے نواب اکبربگٹی قتل کيس میں پرويز مشرف کو ايک دن کا استثنیٰ دے دیا

پرویز مشرف کے طبی معائنے کے لئے میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے، ڈی جی صحت بلوچستان . فوٹو: فائل

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کو میڈیکل بورڈ کے سامنے پیش ہونے کے لئے سندھ حکومت کو سیکیورٹی فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔


کوئٹہ میں انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج آفتاب احمد لون نے نواب اکبر بگٹی قتل کیس کی سماعت کی، سماعت کے دوران سابق وفاقی وزیر داخلہ آفتاب شیرپاؤ اور سابق صوبائی وزیر داخلہ شعیب نوشیروانی عدالت میں پیش ہوئے تاہم سابق صدر پرویز مشرف ایک مرتبہ پھر عدالت میں حاضر نہیں ہوئے۔ سماعت کے دوران ڈی جی صحت بلوچستان ڈاکٹر فاروق اعظم نے عدالت کو بتایا کہ پرویز مشرف کے طبی معائنے کے لئے میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے۔

پرویز مشرف کے وکیل اختر شاہ نے اپنے موکل کی عدالت میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی، درخواست پر عدالت نے سابق صدر کے وکیل سے استفسار کیا کہ وہ اپنے موکل کو عدالت میں کب پیش کریں گے۔ جس پر اختر شاہ ایڈووکیٹ نے جواب دیا کہ میڈیکل بورڈ کی رپورٹ کی روشنی میں عدالت کے حکم پر ان کے موکل پیش ہوجائیں گے۔ اس موقع پر انہوں نے عدالت سے اپیل کی کہ پرویز مشرف کو میڈیکل بورڈ کے سامنے پیش ہونے کے لئے سیکیورٹی فراہم کی جائے، عدالت نے پرویز مشرف کو حاضری سے ایک روز کا استثنیٰ دیتے ہوئے سندھ حکومت کو انہیں میڈیکل بورڈ کے سامنے پیش ہونے کے لئے سیکیورٹی فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔
Load Next Story