ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کے باعث ندی نالوں میں طغیانی

پشاور کے بڈھنی نالہ میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافے کے پیش نظر فلڈ سیل نے وارننگ جاری کردی

چارسدہ میں موسلادھاربارش کے باعث دریائے کابل میں پانی کی سطح بلند ہوگئی ہے، فوٹو: فائل

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے جہاں جاتی ہوئی سردی ایک مرتبہ پھر لوٹ آئی ہے وہیں عوام کی مشکلات میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب کے بالائی علاقوں، خیبرپختونخوا، فاٹا اور شمالی مغربی بلوچستان میں بارش اور برفباری کے باعث سردی دوبارہ لوٹ آئی ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی اور گرد ونواح کے علاقوں میں رات بھر وقفے وقفے سے ہونے والی بارش نے شہریوں کے چہروں پر خوشیاں بکھیر دی ہیں۔ موسم کی خرابی کے باعث اسلام آباد کے بے نظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل کردیا گیا ہے اور ایئرپورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ موسم خرابی کے باعث فلائٹ آپریشن جاری نہیں رکھا جاسکتا اس لئے مسافر پریشانی سے بچنے کے لئے اپنی پرواز سے متعلق معلومات حاصل کرکے ایئرپورٹ آئیں۔

خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں گزشتہ رات سے بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے، سوات کے پہاڑی علاقوں میں مسلسل 3 روز سے بارش اور برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ شانگلہ میں بارش اور برفباری سے لینڈ سلائیڈنگ کے بعد شاہراہ قراقرم مختلف مقامات پر بند ہوگئی ہے۔ خیبر ایجنسی اور گرد ونواح میں گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث ندی نالوں میں طغیانی ہے جب کہ سڑکوں میں پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی ہے۔ چارسدہ میں موسلادھار بارش کے باعث دریائے کابل میں پانی کی سطح بلند ہوگئی ہے، اس کے علاوہ خیبر ایجنسی میں بارشوں کے باعث پشاور کے بڈھنی نالہ میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جس پر فلڈ سیل حکام نے علاقے کی آبادی کو پانی کے ممکنہ ریلے سے محفوظ کرنے کے لئے وارننگ جاری کردی ہے۔ مہمند ایجنسی میں علیم زئی کےعلاقے خواجہ وسط میں بارش کے باعث گھر کی چھت گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔ آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں میں برفباری کے باعث ریشیاں سے لیپہ کے لئے شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند ہوگئی ہے۔


گلگت بلتستان کے ضلع غذر کے میدانی علاقوں میں 3 روز سے وقفے وقفے سے بارش جب کہ پہاڑوں پر برف باری جاری ہے۔ استور شہر اور گرد و نواح میں 4 روز سے جاری بارش اور برفباری کےباعث بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ وادی کوئٹہ میں گزشتہ روز بارش اور برفباری کے بعد سردی ایک مرتبہ پھر لوٹ آئی ہے، اس کے علاوہ زیارت، قلات، پشین، مستونگ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں شدید سردی ہے۔

کوئٹہ کی سرد ہواؤں نے کراچی میں ڈیرے جمالئے ہیں اور محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر قائد کا موسم جزوی ابر آلود رہے گا جب کہ اس ساتھ ہی تیز سرد ہوائیں بھی چلیں گی جس سے درجہ حرارت میں 4 سے 6 ڈگری تک کمی کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، لاہور اور گوجرانوالہ سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں بارش جب کہ گلگت بلتستان، کشمیر اور خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں بارش کے ساتھ ژالہ باری اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ بارش اور برفباری کے باعث سردی کی شدید لہر آئندہ 4 روز تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔

 

Load Next Story