نیا بلدیاتی نظام سندھ کے وجود پر حملہ ہےقادر مگسی

بلدیاتی نظام کو عوام کی خواہشات سے ہم آہنگ کیے جانے تک مزاحمت کریں گے۔

بعض قوم پرست لیڈر خود نمائی کے مرض میں مبتلا ہیں،چیئرمین سندھ ترقی پسند پارٹی (فوٹو : فائل)

سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے سندھ اسبملی سے منظور ہونے والے نئے بلدیاتی نظام کے تحت ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں حصہ نہ لینے اور گورنر ہٹاؤ سندھ بچاؤ تحریک شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیا بلدیاتی نظام سندھ کے وجود پر حملہ ہے۔


بلدیاتی نظام کو عوام کی خواہشات سے ہم آہنگ کیے جانے تک اس کے خلاف مزاحمت کو جاری رکھا جائے گا، حیدرآباد پریس کلب میں ایس ٹی پی کے وائس چیئرمین حیدر شاہانی، جنرل سیکریٹری ڈاکٹر رجب میمن ودیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا کہ سندھ کے دیگر اضلاع میں اغوا برائے تاوان کی وارداتوں کے ذریعے اربوں روپے وصول کیے گئے جبکہ تین سال سے آنے والے سیلاب کے نتیجے میں ڈیڑھ کروڑ سے زاید افراد بے گھر ہوئے۔

ان تمام افعال کی ذمے دار پیپلز پارٹی اور اس کی مفاہت کی سیاست ہے،سندھ کا راگ الاپنے والی پیپلزپارٹی نے نہ صرف سندھ کا پانی پنجاب کو دے دیا بلکہ سندھ دشمن گریٹر تھل کینال کو بھی اپنے دور حکومت میں مکمل کرایا جبکہ پرویز مشرف کے سندھ دشمن واٹر وژن پر عمل کرتے ہوئے دریائے سندھ پر32 چھوٹے ڈیمز کی تعمیر شروع کرادی ہے،ان کا کہنا تھا کہ موجودہ وقت پیپلزپارٹی کو سبق سکھانے کا ہے اس لیے میری تمام اپوزیشن جماعتوں سے اپیل ہے کہ وہ نوشہروفیروز کے ضمنی الیکشن میں کوئی متفقہ امیدوار کھڑا کرے اوراپوزیشن جماعتیں اس کی حمایت کریں تاکہ پیپلزپارٹی کو اپنی عوامی حیثیت کا پتہ چل سکے،بعض قوم پرست لیڈر خود نمائی کے مرض میں مبتلا ہیں
Load Next Story