عالمی دباؤ کار گر ثابت ہوا جبکہ کشمیر پر مذاکرات کیلیے بھارت کا رضا مند ہونا خوش آئندہے سرتاج عزیز

مسئلہ کشمیر کے حل سے نہ صرف دونوں ممالک میں امن قائم ہو گا بلکہ علاقے میں خوشحالی آئے گی، مشیر خارجہ


Online/Numainda Express February 26, 2015
بھارت کے طرز عمل پر دنیا کی توجہ مبذول کرائی ہے اب دیکھنا ہے کہ بھارت کتنا سنجیدہ ہے، سرتاج عزیز۔ فوٹو: فائل

وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ بھارت نے مسئلہ کشمیر سمیت تمام ایشوزکو بات چیت کے ذریعے حل کرنے پر رضا مندی ظاہرکی ہے جس کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

ایک انٹرویو میں سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ خطے میں امن مسئلہ کشمیر سے جڑا ہوا ہے، اس کے حل سے نہ صرف دونوں ممالک میں امن قائم ہوگا بلکہ خطے میں امن و استحکام اور خوشحالی آئے گی۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے بھارت کے طرز عمل پر دنیا کی توجہ مبذول کرائی ہے اور عالمی دباؤ کارگر ثابت ہوا ہے، اب دیکھنا ہے کہ بھارت کتنا سنجیدہ ہے۔

مشیر برائے خارجہ امور نے کہا کہ پاکستان پڑوسی ممالک کے ساتھ قریبی دوستانہ تعلقات اور خطے میں امن کا خواہاں ہے، بھارتی سیکریٹری خارجہ کے دورہ پاکستان پر مسئلہ کشمیر سمیت تمام ایشوز پر تفصیلی بات چیت کی جائیگی، دریں اثنا سرتاج عزیز سے پاکستان میں ترکمانستان کے سفیر ایچ ای اتحاجان مالوف نے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور سمیت علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا، قبل ازیں بھارت نے پاکستان کے ساتھ کشمیر سمیت تمام ایشوز پر مذاکرات شروع کرنے پر آمادگی ظاہرکر دی جس کا آغاز3 مارچ کو بھارتی سیکریٹری خارجہ کے دورہ اسلام آباد سے ہوگا۔

پاکستان نے مذاکرات کی بھارتی پیشکش کا خیرمقدم کیا ہے، بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان سید اکبر الدین نے ایک پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ ایس جے شنکر اسلام آباد کا دورہ کریں گے جہاں دوطرفہ ملاقاتوں میں بھارت اپنا ایجنڈا پیش کرے گا، بھارت پاکستان کے ساتھ شملہ معاہدے کی رو سے مسئلہ کشمیر سمیت تمام معاملات پر بات کرنے کو تیار ہے، بھارتی سیکریٹری خارجہ نہ صرف پاکستان بلکہ تمام سارک ممالک کا دورہ کریں گے۔

ادھر دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بھارت کے سیکریٹری خارجہ ایس جے شنکر 3 اور 4 مارچ کو پاکستان کا دورہ کریں گے، یہ دورہ 13فروری کے پاک بھارت وزرائے اعظم رابطے کا تسلسل ہے، یہ دورہ پاک بھارت وزرائے اعظم کی ٹیلیفونک بات چیت میں طے پایا تھا۔

ایس جے شنکر پاکستانی سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری سے ملاقات کریں گے اور دوطرفہ تصفیہ طلب امور پر تبادلہ خیال کریں گے تاہم بیان میں ملاقات کے ایجنڈے کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا، این این آئی کے مطابق دورے میں دوطرفہ تعلقات، سارک، انسداد دہشتگردی اور مسئلہ کشمیر پر بھی بات چیت ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |