اسکواش پلیئرز نے فیڈریشن کیخلاف علم بغاوت بلند کردیا

عامر اطلس ودیگر کھلاڑیوں کا ایشین چیمپئن شپ کے ٹرائلز میں شرکت سے انکار

عامر اطلس ودیگر کھلاڑیوں کا ایشین چیمپئن شپ کے ٹرائلز میں شرکت سے انکار۔ فوٹو: اے پی پی/فائل

KARACHI:
ایشین و قومی چیمپئن عامر اطلس خان و دیگر کھلاڑیوں نے پاکستان اسکواش فیڈریشن کیخلاف علم بغاوت بلند کردیا.

تفصیلات کے مطابق پاکستان اسکواش فیڈریشن نے 18ویں ایشین چیمپئن شپ کیلیے9 مارچ کو ٹرائلز کا اعلان کیا ہے،اس کے ذریعے 2 کھلاڑیوں کا انتخاب ہوگا، یکم تا 5 مارچ تک کویت میں شیڈول ایونٹ میں عامر اطلس خان کو اعزاز کا دفاع کرنا ہے، ٹرائلز کے لیے طلب کیے جانے پر قومی چیمپئن عامر اطلس، چھوٹے بھائی دانش اطلس خان اور قومی نمبر1 فرحان محبوب خان نے تحفظات کا اظہار کردیا.


رابطے پر نمائندہ ''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے عامر اطلس نے کہا کہ میں دفاعی اور قومی چیمپئن ہونے کے ناطے ٹرائلز سے استثنیٰ کا متمنی ہوں، شرکت کا مطلب وقت کا ضیاں ہوگا، میری کارکردگی سب کے سامنے ہے۔ انھوں نے کہا کہ میں نے فیڈریشن سے ای میل کے ذریعے استدعا کی کہ قومی کیمپ سے قبل گفت و شنید کے ذریعے مشترکہ و موثر لائحہ عمل تیار کیا جائے، محض تحریری اطلاع کرکے ٹرائلز میں طلب کرنے کا طریقہ درست نہیں، انھوں نے کہا کہ میں اور میرے خاندان نے ملک و قوم کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں مگر نامعلوم وجوہ کی بنا پر نالاں فیڈریشن کے رویے اور پابندیوں کی وجہ سے مجھے تختۂ مشق بنایا گیا، اس سے میری عالمی رینکنگ بھی بُری طرح متاثر ہوئی، میں چاہتا ہوں کہ وسیع تر قومی مفاد میں کوئی درمیانی راستہ نکالا جائے۔

دوسری جانب قومی نمبر 1 کھلاڑی فرحان محبوب کا بھی موقف ہے کہ ملک کا ٹاپ پلیئر ہونے کے ناطے ٹرائلز سے مستثنیٰ قرار دے کر براہ راست منتخب کیا جائے۔ دریں اثنا معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ کھلاڑیوں نے سابق عالمی کھلاڑی اور قومی کوچ فہیم گل کی زیر نگرانی تربیت حاصل کرنے سے انکار کر دیا، ان کا موقف ہے کہ سابق کوچ اور فہیم گل کے چھوٹے بھائی جمشید گل زیادہ بہتر انداز میں ذمہ داریاں سر انجام دے رہے تھے۔

فیڈریشن نے ٹاپ پلیئرز کے دباؤ کا مقابلہ کرنے کے لیے حکمت عملی تیار کرکے جونیئرزکو ٹرائلز میں طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ادھر رابطے پر فیڈریشن کے سیکریٹری گروپ کیپٹن عامر نواز نے کہا کہ 2 برس بعد ہونے والی چیمپئن شپ کے لیے اوپن ٹرائلز کا مقصد مکمل طور پر فٹ کھلاڑیوں کومنتخب کرنا ہے، انھوں نے کہا کہ انٹرنیشنل ریفریز کی زیرنگرانی ٹرائلز کو شفاف و درست بنایا جائے گا، اس دوران پلیئرزکوذاتی کوچ رکھنے کی اجازت ہو گی جبکہ اخراجات فیڈریشن برداشت کرے گی۔
Load Next Story