ورلڈکپ میں پروٹیز کالی آندھی کا زور توڑنے کیلیے پُراعتماد

بھارت سے شکست گال پر تھپڑ کی طرح ہے، ہوش آگیا اب پورا زور لگا دینگے، ڈی ویلیئرز


Sports Desk/AFP February 27, 2015
زمبابوے کے خلاف ریکارڈ ساز اننگز کھیلنے والے کرس گیل پھر کمر کی تکلیف میں مبتلا فوٹو: فائل

KARACHI: ورلڈ کپ کے پول بی میں جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان معرکہ جمعے کو سڈنی میں ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق بھارت سے130 رنز کی شکست کے بعد جنوبی افریقہ کیلیے ویسٹ انڈیز کو شکست دینا بہت ضروری ہوگیا ہے، ناکامی کی صورت میں اسے اپنی باقی میچز میں آئرلینڈ، پاکستان اور یو اے ای کو لازمی ہرانا ہوگا، میچ کیلیے پروٹیز الیون میں 2 تبدیلیاں متوقع ہیں، انجرڈ ورنون فلینڈر اور آؤٹ آف فارم وین پارنیل کی جگہ فرحان بہردیان اور کائیل ایبٹ کو میدان میں اتارا جائیگا، وکٹ پرانی ہونے کی وجہ سے اس میں زیادہ باؤنس یا پیس کا امکان نہیں۔ البتہ موسم سوئنگ میں مدد دے سکتا ہے اور وقت کیساتھ اسپنرز کو فائدہ حاصل ہونا شروع ہوجائے گا۔

پروٹیز کپتان ڈی ویلیئرز کہتے ہیں کہ ہمیں صورتحال کا اچھی طرح احساس اور بھارت سے شکست تھپڑ کی طرح ہے، مگر یہ اچھا ہی ہوا کیونکہ ٹیم نہ صرف ہوش میں آگئی بلکہ زیادہ شدت کے ساتھ حریفوں کا سامنا کرنے کیلیے تیار ہے۔

دوسری جانب پاکستان اور زمبابوے پر بڑی فتوحات سے کیریبیئن ٹیم کے حوصلے توانا ہوچکے، ورلڈ کپ سے قبل جنوبی افریقہ سے سیریز میں 1-4 کی شکست کے باوجود ٹیم کامیابی کیلیے پُرعزم ہے۔ زمبابوے سے میچ میں ڈبل سنچری اسکور کرنیوالے گیل پھر سے کمر کی تکلیف میں مبتلا ہوگئے ہیں، کپتان جیسن ہولڈر کا کہنا ہے کہ اوپنر نے ٹریننگ کے دوران آرام کیا، ویسے بھی وہ زیادہ پریکٹس نہیں کرتے، ہم اہم میچ میں ان کی شرکت کے حوالے سے پُراعتماد ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں