پاکستانی ٹیم باصلاحیت ہے جس کی خامیاں نہیں خوبیاں جانتا ہوں ڈیوواٹمور

ورلڈ کپ میں ہماری کارکردگی بری نہیں رہی اس لئے امید ہے پاکستان اور زمبابوے کے درمیان سخت میچ ہوگا،سابق پاکستانی کوچ


ویب ڈیسک February 27, 2015
پاکستان سے جیت کے لئے بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں بیک وقت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا،ڈیوواٹمور۔ فوٹو:فائل

ورلڈ کپ کے ابتدائی 2 میچز میں ناکامی کے بعد قومی ٹیم جیت کے لئے بے تاب ہے اور گرین شرٹس کا اگلا ٹاکرا زمبابوے سے یکم مارچ کو ہونا ہے جبکہ زمبابوے کے موجودہ اور پاکستان کے سابق کوچ ڈیو واٹمور کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم میں باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں جن کی خامیاں نہیں خوبیاں جانتا ہوں۔

برسبین میں موجود قومی ٹیم کے سابق کوچ ڈیوواٹمور کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ٹیم میں مصباح الحق اور شاہد آفریدی جیسے کھلاڑی موجود ہیں جو کسی بھی وقت میچ کا پانسا پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور میں خامیاں نہیں بلکہ پاکستانی ٹیم کی خوبیوں کے بارے میں جانتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان میچ دلچسپ ہوگا، ہماری کارکردگی ابتدائی 2 میچز میں بری نہیں رہی لیکن کچھ شعبے ایسے ہیں جن میں بہتری کی ضرورت ہے اور پاکستان سے جیت کے لئے بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں بیک وقت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

سابق پاکستانی کوچ نے کہا کہ شاہد آفریدی وسیع تجربے کے حامل کھلاڑی ہیں اور اچھی طرح یاد ہے کہ جب میں سری لنکا کا کوچ تھا تو آفریدی کا پہلا سامنا نیروبی میں ہوا اورانہوں نے 37 گیندوں پر تیز ترین سنچری بنائی تھی اور اب وہ تقریباً 400 میچ کھیل چکے ہیں اور پاکستان ٹیم میں وہ تجربہ کارکرکٹرہیں، اسی طرح کپتان مصباح الحق بھی میچ کو اپنے حق میں کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اس لئے زمبابوے کو میچ کے ہر شعبے میں عمدہ کارکردگی پیش کرنا ہوگی اور کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے کے لئے اگلے تینوں میچز میں جیتنے کے لئے میدان میں اترنا ہوگا۔

واضح رہے کہ ڈیو واٹمور ایک سال قبل تک قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ تھے جب کہ اس سے قبل وہ سری لنکا، بنگلہ دیش، انگلش کاؤنٹی لنکاشائر اور آئی پی ایل میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی کوچنگ بھی کرچکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |