تصویر کھنچھے ہر زاویے سے

دو لینس اوردو LCDوالا کیمرا ایجاد ہوگیا۔

فوٹو: فائل

ایک عمدہ تصویر کے لیے اس کا ہر رخ سے واضح نظر آنا بنیادی عنصر ہوتا ہے اور ایک اچھا فوٹوگرافر اس حوالے سے ایسے کیمروں کی تلاش میں رہتا ہے۔

جس میں جدید ترین فنکشنز کے ساتھ ساتھ انہیں استعمال کرنے میں بھی سہولت کا خیال رکھا گیا ہو۔ یوں تو مارکیٹ میں ا ن گنت ایسے کیمرے موجود ہیں جو جدید ترین آلات اور فنکشنز سے لیس ہیں، لیکن بدقسمتی سے یہ کیمرے نہ صرف استعمال میں مشکل ہیں، بل کہ تصویر کو بیک وقت مختلف زاوئیوں سے اتارنے میں بھی ناکام نظر آتے ہیں اس حوالے سے جنوبی کوریا سے تعلق رکھنے والی طالبہ Son Ahlim نے دو LCDاور دولینس پر مشتمل ایک ایسا کیمرا تخلیق کیا ہے، جو نوے درجے سے تین سو اسی درجے تک کے تمام زاویوں سے بہ یک وقت تصویر اتارنے پر قادر ہے۔


VCDکیسٹ یا پتلی سی کتاب کی مانند نظر آنے والے اس کیمرے کے تین بنیادی حصے ہیں، جس میں دائیں بائیں حصوں میں کیمرے اور درمیانی حصے میں ان دونوں کیمروں کو گھمانے کے لیے پلیٹ فارم دیا گیا ہے، جس سے یہ دونوں کیمرے جُڑے ہوئے ہیں۔ بہ یک وقت دونوں کیمرے استعمال کرنے کی سہولت کے باعث فوٹوگرافر اپنے سامنے کے منظر کے ساتھ ساتھ اپنے عقب کے منظر کی یا پھر اپنی تصویر بھی اتار سکتا ہے۔

اس کے علاوہ دونوں کیمروں میں سے ایک سے ویڈیو بنائی اور دوسرے کیمرے سے ایک ہی وقت میں تصویر اتاری جاسکتی ہے اور دل چسپ بات یہ ہے کہ تصویر اتارنے اور ویڈیو بنانے کے لیے دونوں کیمروں کو صارف اپنی مرضی سے دو مختلف زاویوں پر گھما سکتا ہے، چوں کہ کیمرے میں بہ یک وقت دونوں کیمروں کو استعمال کیا جاسکتا ہے، لہٰذا فوٹوگرافر چابک دستی کے ساتھ کیمرے سے سہ رخی یا 3 ڈائی مینشن تصاویر اور ویڈیو بنا سکتا ہے۔

اور ہاں کیمرے کے دونوں حصوں کو اگر درمیانی حصے کے ساتھ ملا دیا جائے، تو اسے بالکل عام سے کیمرے کی مانند بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ ٹچ اسکرین کی سہولت کے ساتھ ساتھ اس کیمرے میں فلیش، زوم ان زوم آئوٹ، لینس شٹر، اسپیکر ، ویڈیو آوٹ پٹ، اسٹینڈرڈ میموری چپ، چارجر اور مستحکم بیٹری کی سہولت بھی ہے۔ مستقبل کا کیمرا کہلائے جانے والے اس کثیر الجہتی کیمرے میں مشہور زمانہ جرمن کمپنیSchneider Kreuznachکے تخلیق کردہ لینس استعمال کیے گئے ہیں۔
Load Next Story