دفتر ہو یا سفر جب اور جہاں چاہیں کھانا گرم کریں

تُرک طالبہ کی اختراع نے سفر اور اوقات کار کے دوران گھر کا کھانا کھانے کے خواہش مندوں کا مسئلہ حل کردیا۔

فوٹو:فائل

گرما گرم کھانا اگر دوران سفر یا دیگر مصروفیت کے دوران دست یاب ہوجائے تو اس سے اچھی بات کیا ہوگی۔

کاروباری حضرات یا روزانہ کی بنیاد پر دوردراز جا کر کام کرنے والے اکثر افراد کوشش کرتے ہیں کہ اوقات کار کے دواران بازار کے بجائے گھر کا پکا ہوا صاف ستھرا کھانا کھانا کھائیں۔ ایسی صورت میں وہ صبح سویرے گھر کا پکا ہوا کھانا تو ساتھ لے جاتے ہیں، لیکن اس وقت بہت کوفت ہوتی ہے جب دوپہر کے وقت کھانا ٹھنڈا ہوچکا ہوتا ہے اور اردگرد کوئی ایسی چیز بھی نہیں ہوتی جس پر کھانا گرم کرلیا جائے۔


منہ کا ذائقہ خراب کردینے والی اس صورت حال کا مقابلہ کرنے کے لیے ترکی کے شہر ازمیر سے تعلق رکھنے والی صنعتی اشیاء کی گرافکس ڈیزائنر بائیس سالہ طالبہBurcin Ceren Olcumنے ایک ایسا ہائی ٹیک لنچ بکس تیار کیا ہے جسے آپ بہ آسانی USBکے ذریعے اپنے لیپ ٹاپ کمپیوٹر کی بیٹری یا کسی بھی چارج ایبل آلے کی بیٹری سے برقی حرارت دے کر کھانے کو گرم کرسکتے ہیں۔

بنیادی طور پر اس لنچ بکس یا فوڈ کنٹینر میں سب سے اہم کردار لنچ بکس کی نچلی جانب بچھائی گئی انتہائی پتلی حرارتی تہہ (Heating Film)کا ہے۔ یہ حرارتی تہہ پولی مر مادے سے بنائی گئی ہے کھانا فوری گرم کردینے والی اس حرارتی تہہ کی ایک خاصیت یہ بھی ہے کہ اس میں موجود کرنٹ انسانی جسم کو نقصان نہیں پہنچاتا، بل کہ کھانے کو تادیر گرم رکھتا ہے۔

اس کے علاوہ بکس میں کھانا رکھنے کے خانے حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق اسٹین لیس اسٹیل سے بنائے گئے ہیں۔ ان خانوں پر حرارت سے بچائو والی حفاظتی تہہ بھی چڑھائی گئی ہے۔ سفر میں گھر کے کھانوں کے شوقین حضرات کے لیے تخلیق کردہ اس لنچ بکس کی خالق ازمیر یونیورسٹی آف اکنامکس کے شعبہ انڈسٹریل ڈیزائنگ کی گریجویٹ Burcin Ceren Olcumکا دعویٰ ہے کہ یہ لنچ بکس اگلے برس کے شروع میں فروخت کے لیے دست یاب ہوگا۔
Load Next Story