معین کیس پی سی بی کو ’’دال میں کچھ کالا‘‘ محسوس ہونے لگا

چیف سلیکٹرکہتے ہیں جوا خانے کھاناکھانے گئے لیکن معاملہ کچھ اورہی ہے، شہریار خان


Sports Reporter February 28, 2015
 2،3روز تک مکمل جانچ پڑتال کے بعد حقائق عوام کے سامنے پیش کردیے جائیں گے فوٹو : فائل

معین خان کیس میں پی سی بی کو ''دال میں کچھ کالا'' محسوس ہونے لگا ہے۔

تفصیلات کے مطابق معین خان کا ستارہ بدستور گردش میں ہے،کیسینو اسکینڈل منظر عام پر آنے کے بعد وہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈکے سیر سپاٹے سے تو گئے ساتھ ہی وطن واپسی پر بھی مسئلے سے پیچھا نہ چھوٹ سکا، ایئرپورٹ پر ناراض شائقین کے غصے کا سامنا کرنا پڑا، بعد ازاں کرکٹ کے شیدائیوں نے معین خان کے گھر کا گھیراؤ کیا اور شدید نعرے بازی کی۔اب پی سی بی نے معین خان کے خلاف کیسینو اسکینڈل کا باب بندکرنے کے بجائے معاملے کی جامع انکوائری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایک غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق چیئرمین پی سی بی نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ یہ تو معین خان کا موقف ہے کہ وہ جوا خانے کھانا کھانے گئے تھے تاہم میری اطلاعات کچھ اور ہیں، ہم معاملے کا باریک بینی کے ساتھ جائزہ لے رہے ہیں۔شہریارخان نے کہا کہ کیسینو جانے کا واقعہ کرائسٹ چرچ میں پیش آیا جبکہ قومی ٹیم اس وقت برسبین میں ہے۔ اس وجہ سے ہمیں انکوائری کے حصول میں کچھ مشکلات کا سامنا ہے تاہم اگلے 2 سے3 روز میں تحقیقات مکمل کرنے کے بعد حقائق عوام کے سامنے پیش کر دیے جائیں گے۔

ایک سوال پر چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ گورنمنٹ حکام نے معاملے کا سخت نوٹس لیا جس کے بعد ہمارے پاس معین خان کو آسٹریلیا سے وطن واپس بلانے کے سواکوئی اور چارہ نہیں تھا۔ شہریار خان نے کہا کہ معین خان نے عوام سے میڈیا کے ذریعے معافی مانگی تاہم ہمیں ان کی تحریری معذرت ابھی موصول نہیں ہوئی، میں سابق کپتان سے جلد ملکر تفصیل کے ساتھ نقطہ نظر جاننے کی کوشش کروں گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں