صدر نے سندھ میں ناراض اتحادیوں کو منانے کی ہدایت کردی

ایک ہفتے میں رپورٹ طلب، نئے بلدیاتی نظام کی افادیت سے عوام کو آگاہ کیا جائے،صدرزرداری


Staff Reporter October 06, 2012
ایک ہفتے میں رپورٹ طلب، نئے بلدیاتی نظام کی افادیت سے عوام کو آگاہ کیا جائے،صدرزرداری۔ فوٹو : فائل

ISLAMABAD: صدر آصف زرداری نے سندھ میں نئے بلدیاتی نظام کی افادیت عوام کو آگاہ کرنے اورفنکشنل لیگ سمیت تمام ناراض اتحادی جماعتوں سے بات چیت کیلیے صوبائی وزرا آغا سراج درانی اور ایاز سومروٹاسک دے دیا ہے اور ایک ہفتے میں رپورٹ طلب کرلی ہے۔

صدر نے تمام صوبائی وزرا اور ارکان سندھ اسمبلی کو ہدایت کی ہے وہ عوام سے رابطوں کو بڑھائیں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا سروے15دنوں میں مکمل کرکے رپورٹ فراہم کریں تاکہ فوری طور انفرااسٹرکچراورعوام کی بحالی کیلیے اقدامات کیے جاسکیں ۔ جمعے کی شب صدارتی کیمپ آفس بلاول ہائوس میں پیپلزپارٹی سندھ کی کورکمیٹی کے ارکان ایاز سومرو، مراد علی شاہ، رفیق انجینئر، آغاسراج درانی ، شرجیل انعام میمن سمیت مختلف رہنمائوں نے صدر آصف زرداری سے ملاقات کی۔

ذرائع کے مطابق صدر نے ملاقات میں سیاسی صورتحال ،نئے بلدیاتی نظام پر قوم پرستوں کے احتجاج،سندھ میں بارش سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کام اور نوشہرہ فیروز ہونے والے ضمنی الیکشن سمیت مختلف اہم ایشوزپرتبادلہ خیال کیا گیا ۔ صدر نے کہاہے کہ عوام کی خدمت پیپلزپارٹی کا نصب العین ہے سندھ میں نئے بلدیاتی نظام سے عوام کے مسائل حل ہوں گے ، سیاست کرنا تما م جماعتوں کا جمہوری حق ہے ایشوزپر سیاست ضرور کی جائے جن دوستوں کے تحفظات ہیں ہم سے بات چیت کریں مذاکرات کے ذریعے ان تحفظات دور کیے جائیں گے ۔

صدر نے مزید کہاکہ پیپلزپارٹی عوامی جماعت ہے آئندہ انتخابات میں عوام اپنے ووٹوں کے ذریعے ثابت کردیںگے کہ کون سی جماعت ان کی خدمت پر یقین رکھتی ہے ،انھوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی حکومت عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلیے اقدام کررہی ہے۔دریں اثناء صدرسے سابق رکن قومی اسمبلی اورہندو رہنما گیان چند نے بھی ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں