ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری

بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش اور برفباری کل بھی جاری رہے گی، محکمہ موسمیات

بدھ اورجمعرات کو شمالی بلوچستان سمیت بالائی اور وسطی علاقوں میں مزید بارش ہوگی، محکمہ موسمیات فوٹو: فائل

ملک کے مختلف حصوں میں دوسرے روز بھی بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ہوگیا ہے۔

دو روز قبل مغرب سے داخل ہونے والا سسٹم سندھ اور بلوچستان کے بعد اب بالائی علاقوں میں بارش اور برف باری کا باعث بن رہا ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس کے جڑواں شہر راولپنڈی کے علاوہ گرد و نواح میں گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے بارش جبکہ پہاڑوں پر ہلکی برفباری جاری ہے۔ لاہور سمیت بالائی اور میدانی پنجاب میں بارش نے ہر جانب جل تھل ایک کردیا ہے، صوبائی دارالحکومت میں گزشتہ رات ہونے والی طوفانی بارش کے آثار آج بھی جابجا نظر آرہے ہیں، لاہور میں خستہ حال چھت گرنے 60 سالہ ادریس اور 55 سالہ سیف جاں بحق جب کہ 35 سالہ نصیر شدید زخمی ہوگیا۔ اس کے علاوہ گنگا رام اسپتال کے آئی سی یو وارڈ کی چھت کا ایک حصہ گرنے سے ایک نرس زخمی ہوگئی۔ بہاولنگر کے نواحی علاقے ڈونگہ بونگہ کے محلہ مہاجرین میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے ماں بیٹی جاں بحق ہوگئیں۔


خیبر پختونخوا کے بالائی اور قبائلی علاقوں میں بھی گزشتہ روز سے بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ گلگت میں استور اور غذر کے شہری علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری نے معمولات زندگی معطل کردیئے ہیں۔ اس کے علاوہ آزاد کشمیر میں برفباری کے باعث کئی رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آیندہ 24 گھنٹوں میں اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، پشاور، کوہاٹ، بنوں، فیصل آباد، مالاکنڈ، ہزارہ، مردان ، گلگت بلتستان، کشمیر اور فاٹا میں مزید بارش کا امکان ہے۔ بالائی علاقوں میں مزید 2 سے 3 روز تک کم شدت کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، اس کے علاوہ بدھ اور جمعرات کو شمالی بلوچستان سمیت بالائی اور وسطی علاقوں میں مزید بارش ہوگی۔

 

Load Next Story