آؤپڑھاؤ بشارت ہائی اسکول کلرکہار کے 11 ٹیچرز کیلیے ایوارڈز

بارش کے باوجود بڑی تعداد میں طلبہ کی شرکت، آؤ پڑھاؤ نظم، قومی ترانہ پیش کیاگیا

کلرکہار، ایکسپریس میڈیا گروپ کے زیراہتمام ’’آؤ پڑھاؤ جوسیکھا ہے سب کو سکھاؤ‘‘ مہم کے موقع پر گروپ۔ فوٹو: عامر شاہ/ایکسپریس

ISLAMABAD:
ایکسپریس میڈیا گروپ کے زیراہتمام ''آؤ پڑھاؤ جوسیکھا ہے سب کو سکھاؤ'' مہم کے تحت گورنمنٹ بشارت ہائی اسکول کلرکہار میں 11 ٹیچرز کوایوارڈز اور پرنسپل عامر سلطان کو شیلڈ پیش کی گئی۔


شدید بارش کے باوجود تقریب میں طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے آغاز پرمحمد حمید گل نے تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل کی جبکہ نعمان علی نے ہدیہ نعت پیش کیا۔ تعلیم کے فروغ اور اساتذہ کی تکریم کے لیے گلوکار راحت فتح علی خان کی گائی نظم اور قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ کمپیئرنگ کے فرائض ردا قاضی اور رحمن اللہ خان نے انجام دیے۔ وہ ایوارڈز دینے کے لیے ٹیچرزکوجب اسٹیج پر بلاتے تو ہال تالیوں سے گونج اٹھتا۔اساتذہ نے ایکسپریس میڈیا گروپ کی آؤ پڑھاؤ مہم کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں یہ پہلا موقع ہے کہ ایک میڈیا گروپ اس نیک کام میں آگے آیا ہے،امید ہے دیگرادارے بھی اس کی تقلید کریں گے۔

ایوارڈ حاصل کرنے والے ٹیچرزمیں محمد کامران، شہزاد، آزاد حسین، عابد ذوالفقار،حیدر،ابرار حسین، چوہدری جاوید اقبال، عبدالعزیز، حامد محمود اورمحمد جاوید شامل تھے۔ طلبہ محمد اقبال، نوید احمد اور عمران نے کہا کہ ہم بہت خوش ہیں کہ آج ہمارے ٹیچرزانعامات لے رہے ہیں۔ پروجیکٹ ڈائریکٹر محسن لغاری نے کہا کہ ایکسپریس میڈیا گروپ نے استاد کی عزت و تکریم میں اضافہ کے لیے یہ مہم شروع کی ہے، ڈیڑھ ماہ میں 36 تعلیمی اداروں میں یہ پروگرام کر چکے ہیں، یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔
Load Next Story