شائقین کی ناراضگی دور کرنے کیلئے ہرکھلاڑی کو پرفارم کرنا ہوگا مصباح الحق

کوشش ہوگی کہ متحدہ عرب امارات کے خلاف اپنی گرفت مضبوط کرتے ہوئے بڑے رن ریٹ سے کامیابی حاصل کریں، کپتان

کوشش ہوگی کہ متحدہ عرب امارات کے خلاف اپنی گرفت مضبوط کرتے ہوئے بڑے رن ریٹ سے کامیابی حاصل کریں، کپتان مصباح الحق فوٹو:اے ایف پی

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم میں کرس گیل اور اے بی ڈیویلیئرز جیسے تنہا میچ جتوانے والے بیٹسمین نہیں لیکن کھلاڑی باصلاحیت ضرور ہیں جو اجتماعی کوشش سے میچ کا نقشہ بدل سکتے ہیں۔

نیپئیر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ میگا ایونٹ میں پاکستان جس گروپ میں شامل ہے اس میں اگلے مرحلے کے لئے کوالیفائی کرنے سے متعلق صورت حال غیر واضح ہے اس لئے اس گروپ میں ٹیموں کا رن ریٹ اہم کردار ادا کرے گا جب کہ زمبابوے کے خلاف میچ بڑے فرق سے جیتنا چاہتے تھے لیکن ایسا نہ ہوسکا تاہم کوشش ہوگی کہ متحدہ عرب امارات کے خلاف اپنی گرفت مضبوط کرتے ہوئے بڑے رن ریٹ سے کامیابی حاصل کریں۔


کپتان مصباح الحق کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کے پاس سنہری موقع ہے کہ وہ جنوبی افریقا اور آئرلینڈ کے خلاف اہم میچز سے قبل متحدہ عرب امارات کے خلاف بڑا اسکور کرکے اپنا اعتماد بحال کریں کیوں کہ اب ہر میچ ناک آؤٹ میچ ہے اور شائقین کی ناراضگی دور کرنے کے لئے ہرکھلاڑی کو پرفارم کرنا ہوگا۔

 

Load Next Story