تحریک انصاف کا امن مارچ عمران خان کی سربراہی میں اسلام آباد سے روانہ

رکاوٹ ڈالنے کی کوشش نہ کی جائے، ہمیں طالبان سے نہیں حکومت سے خطرہ ہے، عمران خان

امن مارچ اسلام آباد سے وزیرستان روانہ ہوگیا ہے، فوٹو : رائٹرز

تحریک انصاف کا امن مارچ عمران خان کی سربراہی میں اسلام آباد سے روانہ ہو کر جہاز چوک میانوالی پہنچ گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق آج اسلام آباد سے تحریک انصاف کا امن مارچ شروع ہو گیا ہے ۔ جس کی منزل جنوبی وزیرستان کا علاقہ کوٹکئی ہے ۔ لیکن ٹانک انتظامیہ نے جنوبی وزیرستان کو جانے والے راستے کنٹینر لگا کر بند کر دیے ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انتظامیہ تحریک انصاف کے امن مارچ کو ٹانک سے آگے نہیں جانے دے گی اور تحریک انصاف ٹانک میں ہی جلسہ کر کے امن مارچ ختم کر دے گی جبکہ ٹانک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جن غیر ملکیوں کے پاس خیبرپختونخواہ میں داخلے کا اجازت نامہ نہیں ہے انھیں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔ حکومت کی طرف سے پولیس کی چھٹیاں منسوخ اور پاک فوج کو اسٹینڈ ٹو رہنے کا حکم دیدیا گیا ہے ۔


ایکسپریس نیوز کے نمائندے جمشید خان کے مطابق آج صبح امن مارچ اسلام آباد سے وزیرستان جانے کیلئے روانہ ہوگیا تھا جس میں لاہور ، سیالکوٹ ، گوجرانوالہ ، گجرات اور ملک کے مخلتف حصوں سے چھوٹے چھوٹے جلوس اس امن مارچ میں شامل ہونے کے لئے پہنچے جبکہ باقی جلوسوں کو مختلف انٹرچینجز سے اس امن مارچ میں شامل ہونا ہے ۔

اسلام آباد میں روانگی سے قبل ملکی اورغیرملکی میڈیا سےگفتگوکرتےہوئے چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم اپنی طرف سے پوری کوشش کررہے ہیں کہ وزیرستان پہنچ جائیں، ہمارے وزیرستان جانےکا بہت فائدہ ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اورکچھ قوتیں دوغلی پالیسی پرعمل کررہی ہیں اورحکومت انہیں ڈرا کر وزیرستان جانے سے روکنا چاہتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رکاوٹ ڈالنے کی کوشش نہ کی جائے، ہمیں طالبان سے نہیں حکومت سے خطرہ ہے،عمران خان کا کہناتھاکہ مولانا فضل الرحمان ہمارے کیخلاف انتشارپھیلانے کی کوشش کررہےہیں، وہ خود اندرسے امریکہ سےملے ہوئے ہیں جبکہ ڈرون حملوں پر حکومت کی دہری پالیسی ہے ، اگرامن مارچ میں کوئی بھی نقصان ہوا تو ذمہ دار حکومت ہوگی۔
Load Next Story