افراط زر کی شرح فروری میں سال بہ سال 32 فیصد پر آگئی

فروری میں ماہانہ بنیادوں پر افراط زر کی شرح میں 0.9 فیصد کمی ہوئی جبکہ جنوری میں 0.1 فیصد اضافہ ہوا، بیورو شماریات


Business Desk March 04, 2015
فروری میں ماہانہ بنیادوں پر افراط زر کی شرح میں 0.9 فیصد کمی ہوئی جبکہ جنوری میں 0.1 فیصد اضافہ اور فروری 2014 میں 0.3فیصد کمی ہوئی تھی،بیورو شماریات فوٹو: فائل

صارف قیمتوں کے اشاریے کی بنیاد پر گزشتہ ماہ ملک میں افراط زر کی شرح سال بہ سال 3.2فیصد رہی جو جنوری میں 3.9 اور فروری 2014 میں 7.9فیصد تھی۔

بیورو شماریات (پی بی ایس) سے جاری رپورٹ کے مطابق فروری میں ماہانہ بنیادوں پر افراط زر کی شرح میں 0.9 فیصد کمی ہوئی جبکہ جنوری میں 0.1 فیصد اضافہ اور فروری 2014 میں 0.3فیصد کمی ہوئی تھی۔ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 8 ماہ (جولائی تا فروری) کے دوران افراط زر کی شرح اوسطاً 5.45فیصد رہی جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 8.65 فیصد رہی تھی، گزشتہ ماہ اشیائے خوراک کی قیمتوں میں سال بہ سال 2.1فیصد کا اضافہ اور ماہانہ بنیادوں پر 1.8 فیصد کمی ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق حساس قیمتوں کے اشاریے (ایس پی آئی) کی بنیاد پر افراط زر کی شرح میں گزشتہ ماہ 0.2فیصد کا سال بہ سال اضافہ ہوا جبکہ جولائی تافروری انفلیشن ریٹ 2.77 فیصد رہا، اسی طرح ہول سیل پرائس انڈیکس (ڈبلیوپی آئی) کی بنیاد پر افراط زر کی شرح میں فروری کے دوران سال بہ سال 3.4 فیصد کمی ہوئی جبکہ جولائی تافروری کے دوران 0.87 فیصد کا اضافہ ہوا۔

رپورٹ کے مطابق جنوری کے مقابلے میں فروری کے دوران اشیائے خوراک میں سے چائے کی پتی، ٹماٹر، بیسن، چینی اور دال ماش کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ مرغی، آلو، انڈے، تازہ سبزیوں، پیاز، تازہ پھلوں، چاول، مچھلی، گندم کی مصنوعات اور ویجیٹیبل گھی کی قیمتوں میں کمی ہوئی، دیگر آئٹمز میں سے ذاتی استعمال کے آلات، مزدوروں کی اجرت میں اضافہ اور مٹی کے تیل، موٹر فیول اور ٹرانسپورٹ سروسز کے چارجز میں کمی ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق فروری 2014 کے مقابلے میں گزشتہ ماہ اشیائے خوراک میں سے ٹماٹر، دال مونگ، دال ماش،پھل مہنگے اور پیاز، ٹماٹر، مرغی، گندم سستی ہوئی جبکہ نان فوڈ آئٹمز میں سے موٹروہیکل ٹیکس، تعلیم، کپڑے، وولن ریڈی گارمنٹس پر اخراجات بڑھے اور مٹی کا تیل و موٹر فیول سستا ہوگیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں