ISLAMABAD:
ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ نئے بلدیاتی نظام سے سندھ تقسیم نہیں ہوگا اور اس حوالے سے دیگر اتحادی جماعتوں کو جلد منالیں گے۔
لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں بلدیاتی انتخابات ہونے چاہئیں اوراس کے لئے بال اب بڑی سیاسی جماعتوں کے کورٹ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں بلدیاتی نظام پر تنقید کرنے والے پنجاب میں پرویز مشرف کا ہی بلدیاتی نظام چلا رہے ہیں۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم کے کسی بھی سیاسی جماعت سے انتخابی اتحاد کے امکانات بہت کم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کا سب بڑا مسئلہ لاقانونیت اور بدامنی ہے۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے مسائل حل کرنے کے لئے ہمیں کسی کے نکات کا انتظار نہیں کرنا چاہئے بلکہ اپنے نکات لے کر بلوچستان کے عوام کے پاس جانا چاہئے۔